اسلام آباد : تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اسد عمر کا کہنا ہے کہ سب آگاہ ہیں عمران خان کو شدید سیکورٹی خطرات ہیں۔عمران خان کی بحفاظت جلسہ گاہ میں آمد اور روانگی کیلئے اشد ضروری ہے کہ ہیلی کاپٹر کو پریڈ گراؤنڈ میں اترنے کی اجازت دی جائے۔ اسد عمر نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ انتظامیہ اجازت دینے سے متعلق تاخیر کر رہی ہے،امید ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ اس سلسلے میں جلد فیصلہ کرے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق نے تحریک انصاف کے جلسے کیلئے اسلام آباد سے گزرنے اور پریڈ گراؤنڈ ہیلی کاپٹر اتارنے کی اجازت سے متعلق کیس میں ریمارکس دیئے کہ میں ان کو ہدایات دوں جو میں نہیں دے سکتا،یہ انتظامی کام ہے،میں یہ تو نہیں کہوں گا کہ قانون کے مطابق نہ کریں۔ پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کے دوران وکیل نے کہا کہ 26 نومبر کیلئے پی ٹی آئی نے راولپنڈی جلسہ کی کال دی،جس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ آپ کی استدعا ہے میں ان کو ہدایات دوں جو میں نہیں دے سکتا یہ انتظامیہ کا کام ہے،جو درخواست آپ نے انتظامیہ کو دی وہ مسترد تو نہیں ہوئی ابھی؟ وکیل نے کہا کہ ہم نے درخواست دی ہے اس سے قبل روات میں بھی ریلی کی درخواست دی تھی،چیئرمین پی ٹی آئی ہیلی کاپٹر پر اسلام آباد آئیں گے اس کی بھی اجازت مانگی ہے۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ ہائیکورٹ کیا کر سکتی ہے؟ ہیلی پیڈ سروسز ہائیکورٹ تو نہیں دے سکتی،پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ آپ انتظامیہ کو ہدایت دے دیں کہ وہ قانون کے مطابق ہماری درخواست پر فیصلہ کریں،عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔
سب آگاہ ہیں کہ عمران خان کو شدید سیکورٹی خطرات ہیں. اس لئے ان کی حفاظت سے جلسہ گاہ میں آمد اور روانگی کے لئے اشد ضروری ہے کہ ان کے ہیلی کاپٹر کو پریڈ گراونڈ میں اترنے کی اجازت دی جائے. انتظامیہ اس میں تاخیر کر رہی ہے. امید ہے اسلام آباد ہائ کورٹ اس سلسلے میں جلد فیصلہ کرے گا
— Asad Umar (@Asad_Umar) November 24, 2022