Friday May 3, 2024

وزیر اعظم نے دونوں تقرریوں کیلئے ایڈوائس صدر مملکت کو بھجوا دی ہے،خواجہ آصف

اسلام آباد : وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے دونوں اعلٰی تقرریوں کیلئے ایڈوائس صدر مملکت کو بھجوا دی ہے،صدر مملکت عارف علوی کو تعیناتیوں سے متعلق سمری ارسال کی گئی۔قانون اور آئین کے تحت سارے معاملات طے پائیں گے،آئینی ادارے کو متنازعہ نہیں بنانا چاہیے۔ خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ امید ہے صدر مملکت کوئی تنازع کھڑا نہیں کریں گے اور یہ بھی امید کرتے ہیں کہ صدر مملکت آئینی تعیناتی کو سیاسی نہیں کریں گے۔

پوری امید ہے کہ صدر مملکت عارف علوی اسے سیاسی نقطہ نظر سے نہیں دیکھیں گے۔آئین اور میرٹ کے تحت تعیناتی کی جا رہی ہے،صدر سپریم لیڈر ہیں،انہیں اداروں کو متنازع نہیں بنانا چاہیے۔
یہ ایک مقدس فریضہ ہے اور صدر عارف علوی اسے بخوبی نبھائیں گے،یہ ایڈوائس وزیر اعظم کی ہے،کسی اور کی نہیں۔ یاد رہے کہ لیفٹننٹ جنرل سید عاصم منیر کو آرمی چیف مقرر کر دیا گیا۔
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ لیفٹننٹ جنرل عاصم منیر کو چیف آف دی آرمی سٹاف مقرر کر دیا گیا ہے۔جب کہ لیفٹننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف ہوں گے۔انہوں نے ٹویٹر پر کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے لیفٹنٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف اور لیفٹنٹ جنرل سید عاصم منیر کو چیف آف دی آرمی سٹاف مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس بابت سمری صدر پاکستان کو ارسال کر دی گئی ہے۔دو روز قبل آئی ایس پی آر کی آرمی چیف کی تعیناتی کی سمری وزارت دفاع کو بھیجنے کی تصدیق کی گئی تھی۔ سمری میں 6 سینئر ترین لیفٹیننٹ جنرلز کے نام شامل تھے، سمری میں شامل ناموں میں سے چیف آف آرمی سٹاف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی منتخب کیے جائیں گے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک تازہ ترین ٹویٹ میں بتایا تھا کہ جی ایچ کیو نے چیف آف آرمی سٹاف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی تعیناتی کیلئے سمری وزارت دفاع کو بھیج دی ہے۔
سمری میں سب سے پہلا نام لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کا ہے جبکہ دوسرا لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد کا ہے۔سمری میں لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس، لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود، لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر کا نام شامل ہے۔

FOLLOW US