Monday November 25, 2024

قائد ن لیگ نواز شریف کو ڈاکٹرز کا علاج کیلئے امریکا جانے کا مشورہ امریکا روانگی کیلئے سفارتخانے سے رابطے شروع کردیئے

اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کو ڈاکٹرز نے علاج کیلئے امریکا جانے کا مشورہ دے دیا، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ نوازشریف وطن واپسی سے قبل اپنا علاج مکمل کرائیں۔ ذرائع دنیا نیوز کے مطابق لندن میں سابق وزیراعظم نوازشریف کے ڈاکٹرز نے انہیں وطن واپسی سے قبل علاج کی غرض سے امریکا جانے کا مشورہ دے دیا ہے، نوازشریف نے پارٹی رہنماؤں کو شیڈول سے آگاہ کردیا ہے، برطانیہ میں آپریشن کے بعد نوازشریف وطن واپسی کا ٹائم فریم دیں گے، نوازشریف اور مریم نواز اکٹھے وطن واپس آئیں گے۔

ڈاکٹرز نے نوازشریف کو وطن واپسی سے قبل علاج مکمل کرانے کی تجویز دی ہے، جس پر اہلخانہ نے نوازشریف کی امریکا روانگی کیلئے سفارتخانے سے رابطے شروع کردیئے ہیں ۔ بتایا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کو پاسپورٹ ملنے کے بعد امریکا جانے کی تجویز دی گئی۔یاد رہے 10 نومبر کو اے آروائی نیوز کے مطابق وفاقی حکومت نے قائد ن لیگ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو سفارتی پاسپورٹ جاری کردیا ، نوازشریف کو سفارتی پاسپورٹ 5 سال کیلئے جاری کیا گیا ، سفارتی پاسپورٹ نوازشریف کو بھجوایا گیا تھا۔

پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے آفس سے نوازشریف کو پاسپورٹ بھجوایا گیا ۔ سابق حکومت نے کرپشن کیسز میں سزا ہونے کی وجہ سے نوازشریف کا پاسپورٹ منسوخ کردیا تھا۔ دوسری جانب یہ بھی بتایا گیا کہ موجودہ حکومت رواں سال نوازشریف کو عام پاسپورٹ پہلے ہی جاری کرچکی ہے۔ واضح رہے گزشتہ روز وزیراعظم شہبازشریف نے لندن میں اپنے بھائی قائد ن لیگ نوازشریف سے ملاقات بھی کی، جس میں موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایون فیلڈ میں ہونے والی ملاقات میں نائب صدر ن لیگ مریم نواز اور سلیمان شہباز بھی موجود تھے۔ خیال رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے منگل اور بدھ کی درمیانی رات اپنی ٹویٹ میں بتایا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کاپ 27 کانفرنس میں شرکت کے بعد نجی دورے پر لندن پہنچے ہیں۔

FOLLOW US