Friday May 3, 2024

خاتون اور بچے کو موٹرسائیکل پر بٹھا کر خطرناک سٹنٹ کرنے والے معمر شہری کی ویڈیو وائرل

کراچی : کراچی میں خاتون اور بچے کو موٹرسائیکل پر بٹھا کر ہاتھ چھوڑنے والے معمر شخص کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔شہریوں نے جب بزرگ شہری کی ویڈیو بنانا شروع کی تو انہوں نے ہاتھ چھوڑ کر خطرناک سٹنٹ کرنا شروع کر دئیے۔رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے راشد منہاس سے سہراب گوٹھ کی جانب جانے والی مصروف ترین شاہراہ پر موٹرسائیکل سوار کے خطرناک کرتب کے باعث موسٹر سائیکل سوار خاتون بچے کی زندگی کو بھی خطرات لاحق ہو گئے تھے۔

ڈی آئی جی ٹریفک پولیس احمد نواز نے ویڈیو وائرل ہونے کے بعد نوٹس لیا۔اور ویڈیو میں نظر آنے والے موٹر سائیکل سوار شخص کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کی۔ جس پر ٹریفک سیکشن گلبرگ نے کاروائی کرتے ہوئے مذکورہ شخص کو گرفتار کرکے اس کے خلاف تیز رفتاری غفلت اور لاپرواہی سے عوامی شاہراہ پر موٹر سائیکل چلانے کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کروائی۔
کراچی پولیس نے شہریوں کے نام پیغام میں کہا کہ غفلت لاپرواہی یا تیزرفتاری سے موٹر سائیکل یا گاڑی چلانا ناصرف قابل سزا جرم ہے بلکہ دوسروں کی زندگیوں کے ساتھ ساتھ آپ کے لیے بھی جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔کراچی پولیس نے مزید کہا کہ احتیاط کیجئے اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیجئے۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے بھی موٹرسائیکل سوار شخص کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ پولیس نے غفلت و لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے پر معمر شخص کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کر دیا۔ٹریفک سیکشن گلبرگ نے تیز رفتاری ، غفلت اور لاپرواہی سے مصروف شاہراہ پر موٹرسائیکل چلانے کی دفعات شامل کر کے مقدمہ درج کیا۔

FOLLOW US