Sunday January 19, 2025

عمران خان کو جہاں مقدمہ کرنا ہے کر دیں، شاہ زیب خانزادہ بھی میدان میں آگئے

اسلام آباد: معروف اینکر پرسن شاہزیب خانزادہ نے کہا ہے کہ ہم نے عمران خان سمیت تحریکِ انصاف کے رہنماؤں کو جواب دینے کا موقع دیا، عمران خان کو جہاں مقدمہ کرنا ہے کر دیں، ان کی نظر میں عمر فاروق ظہور فراڈ ہیں تو یہ عمران خان کو بتانا ہے یا ہم نے؟ عمران خان جسے فراڈ کہہ رہے ہیں اس ملک کے تحفے اس شخص کے پاس کیوں ہیں؟ عمران خان یہ نہیں بتا رہے کہ ملکی تحفے اس فراڈ آدمی کے پاس کیسے پہنچے؟

عمران خان کی پریس کانفرنس کے بعد’جیو نیوز‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کاکہنا تھا کہ تحائف عمر فاروق ظہور کو نہیں بیچے تو کس کو بیچے؟ عمران خان صاحب کا قانونی حق ہے کہ جس عدالت میں مرضی جائیں کیس کریں، ہم قانونی طور پر اس کا سامنا کریں گے، ہم نے وکلاء سے بات کر کے اسٹوری کی، ہم جو بھی اسٹوری کرتے ہیں اس کی مکمل تحقیق کرتے ہیں۔ شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ عمر فاروق اگر جھوٹ بول رہے ہیں تو خان صاحب یہ بتائیں کہ انہوں نے تحفے کسے بیچے؟ یہ بتانے کی ذمے داری ہماری نہیں خان صاحب کی ہے، گھڑی کسے بیچی خان صاحب نہ اس کا نام بتانے کو تیار ہیں نہ تفصیلات دینے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم جو بھی سٹوری کرتے ہیں اس کی مکمل تحقیق کرتے ہیں، عمران خان چاہیں تو ہمارے شو میں آئیں اور ان سوالات کے جواب دیں، تحائف کسے فروخت کیے؟ خان صاحب منی ٹریل دینے کو تیار نہیں۔ان کا کہنا ہے کہ ہم جب بھی ان کے رہنماؤں کو پروگرام میں آنے کی دعوت دیتے ہیں تو وہ ذاتی حملے کرتے ہیں، اس کے باوجود ہم یقینی بناتے ہیں کہ تحریکِ انصاف کے رہنماؤں کو دعوت دیں، ہم نے ان کو موقع دیا اور جو انہوں نے ٹوئٹ کیے ہم نے ان کو بھی عوام کے سامنے رکھا۔

اینکر پرسن نے کہا کہ ابھی تک الزام عمران خان پر نہیں لگا تھا، فرح گوگی صاحبہ اور شہزاد اکبر پر الزام لگا تھا، عمران خان یقینی بناتے ہیں کہ جب بھی الزام فرح گوگی پر لگے تووہ خود ان کا دفاع کرنے آ جاتے ہیں، وہ اسے اپنا فرض سمجھتے ہیں، عمران خان ضرور قانونی طور پر پاکستان اور لندن میں کارروائی کریں ہم ان کا سامنا کریں گے۔ شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ عمران خان اس کا نام بتانے سے کترا رہے ہیں جسے گھڑی بیچی، قوم کو اس کا نام بتا دیں، خان صاحب نے روایت بنا لی ہے کہ آپ مجھ سے سوال کیوں پوچھتے ہیں، جبکہ سوال پوچھنا ہمارا حق ہے، جس صحافی نے یہ اسکینڈل کور کیا اس کے ساتھ کیا کیا ہوا وہ اپنی کہانی بار بار بتا رہا ہے، اس صحافی اور اس کی والدہ کو دھمکیاں دی گئیں، 2 بار نوکری سے نکلوایا گیا، خان صاحب اس کا جواب دیں۔

’جیو نیوز‘ کے سینئر اینکر پرسن نے کہا کہ سابق وزیر فیصل واؤڈا نے کل ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں ان کے ساتھ عمر فاروق اور کچھ سعودی آفیشل ہیں، فیصل واؤڈا کہہ رہے ہیں کہ ان سے ہم عمران خان کی ہدایات پر ملے تھے تو اس کا جواب عمران خان دیں۔ شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ ایک پین جس میں ساڑھے 14 سو ہیرے ہیں اور خان صاحب نے اسے ڈکلیئر 15 لاکھ روپے میں کیا ہے، خان صاحب جواب دیں کیا کوئی ایسا ہیرا ہے جو1 ہزار روپے میں مل جاتا ہے، عمران خان صاحب پھر قوم کو بتا رہے ہیں کہ اسے ساڑھے 7 لاکھ روپے میں بیچ دیا ہے، خان صاحب بتائیں کہ کوئی ایسا ہیرا ہے جسے آپ 5 سو روپے میں بیچ سکتے ہیں؟

FOLLOW US