اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے سپریم کورٹ آف پاکستان کی عمران خان پر قاتلانہ حملے کی طرف توجہ دلانے کیلئے تمام اراکین اسمبلی سپریم کورٹ رجسٹریز میں درخواستیں جمع کرائیں گے۔ تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے اعلان کیا کہ کل صبح تحریک انصاف کے تمام اراکین اسمبلی سپریم کورٹ کی رجسٹریز میں عمران خان پر ہونیوالے حملے کی ایف آئی آر کیلئے درخواست دائر کر رہے ہیں،
تمام ممبران قومی اور صوبائی اسمبلی متعلقہ رجسٹری میں پیش ہوں گے اور سپریم کورٹ کی توجہ بذریعہ درخواست اس طرف دلائی جائے گی کہ ایک ہفتہ گزرنے کے بعد بھی ملک کے سابق وزیر اعظم پر قاتلانہ حملے کی ایف آئی آر درج نہیں ہو رہی۔ انہوں نے کہا کہ اس قاتلانہ حملے میں ایک شہری شہید اور 13 زخمی ہوئے لیکن پولیس نے معلوم دباؤ پر ایف آئی آر درج کرنے سے انکار کیا۔ خیال رہے کہ اس سے قبل پنجاب پولیس کی جانب سے عمران خان پر حملے کی ایف آئی آر سرکار کی مدعیت میں گرفتار ملزم نوید کے خلاف درج کی گئی تھی۔