Tuesday November 26, 2024

عمران خان سے لمبے عرصے بعد دونوں بیٹوں کی ملاقات عمران خان نے کہا اللہ تعالیٰ کا شکر ہے اس نے حملے سے بچایا

لاہور: چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کے دونوں بیٹے قاسم خان اور سلیمان خان لاہور پہنچ گئے ہیں،مشیر داخلہ عمر سرفراز چیمہ نے دونوں کا ائیرپورٹ پر استقبال کیا۔قاسم اور سلیمان زمان پارک میں والد کی رہائشگاہ پہنچے جہاں پر والد عمران خان سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ذرائع کے مطابق قاسم اور سلیمان نے والد سے کہا کہ آپ پر حملے کی خبر نے ہمیں پریشان کر دیا تھا۔
جس پر عمران خان نے بیٹوں کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے اس نے حملے سے بچایا۔

عمران خان پر قاتلانہ حملے کی خبر جب ان کے دونوں بیٹوں سلیمان خان اور قاسم خان کو پہنچی تو پاکستان جانا چاہتے تھے لیکن جب ان کا عمران خان سے رابطہ ہوا تو انہوں نے آنے سے منع کر دیا۔ دونوں بیٹے اب اپنے باپ پر ہونے والے حملے سے بہت پریشان اور غمزدہ تھے۔ عمران خان نے انہیں تسلی دی کہ وہ جلد ٹھیک ہوجائیں گے۔کچھ دیر گفتگو کرنے کے بعد دونوں بیٹوں نے یہ کہہ کر فون رکھ دیا کہ ہمیں آپ پر فخر ہے۔یہ الفاظ سن کر عمران خان نے انہیں کچھ نصیحتیں بھی کیں۔قاتلانہ حملےکے بعد عمران خان کا برطانیہ میں اپنے بچوں سے ٹیلیفون پر رابطہ ہوا۔اس سے قبل عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا تھا کہ خوفزدہ کر دینے والی خبر آئی لیکن خدا کا شکر وہ ٹھیک ہیں، عمران خان کے بیٹوں کی طرف سےحملہ آور کوپکڑنے والے بہادر آدمی کا شکریہ۔ تاہم آج عمران خان کے دونوں بیٹے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔قاسم خان اور سلیمان خان والد کی عیادت کریں گے اور ان کے ساتھ وقت گزاریں گے۔قاسم خان اور سلیمان خان کی والد سے لمبے عرصے بعد ملاقات ہو رہی ہے۔عمران خان نے ایک انٹرویو کے دوران انکشاف کیا تھا کورونا کی وجہ سے ایسی صورتحال پیدا ہو گئی تھی کہ ان کی بیٹوں سے ملاقات نہیں ہو سکی تھی۔

FOLLOW US