Sunday January 19, 2025

تحریک انصاف کا مختلف شہروں میں جاری احتجاج ختم کرنے کا فیصلہ

لاہور : تحریک انصاف کا مختلف شہروں میں جاری احتجاج ختم کرنے کا فیصلہ۔ نجی ٹی وی چینل جی این این نیوز کی رپورٹ کے مطابق عمران خان پر ہوئے حملے کے خلاف تحریک انصاف کی جانب سے ملک کے مختلف شہروں میں جاری احتجاج کے حوالے سے اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ تحریک انصاف نے شہریوں کو درپیش مشکلات کی وجہ سے احتجاج ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، عمران خان احتجاج ختم کرنے کا باضابطہ اعلان کریں گے۔

عمران خان کی جانب سے زمان پارک لاہور میں اپنی رہائش گاہ میں خصوصی بیان ریکارڈ کروایا جا رہا ہے، جسے جلد جاری کیا جائے گا۔ اپنے ویڈیو بیان میں عمران خان ملک کے مختلف شہروں میں جاری احتجاج ختم کرنے اور عوام سے لانگ مارچ میں شرکت کرنے کی اپیل کریں گے۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے گزشتہ روز سے اپنے احتجاج میں شدت لاتے ہوئے بڑے شہروں کی اہم شاہراہیں بلاک کر دی گئیں۔ تحریک انصاف کے مظاہرین نے گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو پنجاب اور خیبرپختونخواہ سے جانے والے تمام راستے بھی بند کر دیے تھے۔ اس تمام صورتحال میں منگل کے روز وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ آمدورفت کے راستے کھلے رکھنا صوبائی حکومتوں کی آئینی اور قانونی ذمہ داری ہے۔ چند فسادیوں کی وجہ سے کروڑوں لوگ پریشانی کاشکار ہیں، عام شہریوں کو تکلیف پہنچا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عدالت عالیہ سے اپیل ہےکہ اس کا نوٹس لیں۔ پنجاب اور خیبرپختونخواہ حکومت مٹھی بھر لوگوں کی حفاظت نہ کریں، انہیں وہاں سے بھگائیں۔ مزید برآں وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں فسادیوں کو خبردار کرتا ہوں، ایسا نہ ہو کل پولیس بھی حفاظت نہ کر پائے، چند فسادی لوگوں کی وجہ سے کروڑوں لوگ پریشانی کاشکار ہیں، پی ٹی آئی رہنما سڑک بند کرکے، ٹائر جلا کر ویڈیو بنا کر اپنی قیادت کو بھیجتے ہیں، مٹھی بھر لوگ گاڑی میں آتے ہیں اور ٹائر جلا کر آگ لگاتے ہیں، آمدورفت کے راستے کھلے رکھنا صوبائی حکومتوں کی آئینی اور قانونی ذمے داری ہے، جسے پورا کرنا چاہیے، عدالت عظمیٰ لوگوں کو تکلیف پہنچانے والوں کے خلاف نوٹس لیں۔

FOLLOW US