Monday January 13, 2025

شوکت خانم ہسپتال کا عمران خان کو گولی لگنے کے معاملہ پر وضاحتی بیان عمران خان کی سرجری کے دوران دائیں ٹانگ سے گولی کے 4 ٹکرے نکالے گئے‘

لاہور : شوکت خانم ہسپتال نے عمران خان کو گولی لگنے کے معاملہ پر وضاحتی بیان جاری کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شوکت خانم ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کی سرجری کے دوران گولی کے 4 ٹکرے نکالے گئے، عمران خان کی دائیں ٹانگ سے ٹکڑے نکالے گئے، عمران خان کی بائیں ٹانگ سے ٹکڑا نہیں نکالا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ عمران خان اسپتال پہنچنے پر مکمل ہوش میں تھے، عمران خان کا آپریشن گولیوں کے ٹکڑے نکالنے کے لیے کیا گیا۔ شوکت خانم ہسپتال انتظامیہ کا بیان اس وقت سامنے آیا جب وزیراعظم شہبازشریف نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان قوم کو بتائیں 4 یا 16کتنی گولیاں لگیں؟کیوں ابھی تک پوسٹ مارٹم نہیں ہوا؟ پنجاب حکومت تمہاری ہے

ابھی تک ایف آئی آر کیوں درج نہیں ہوئی؟ لانگ مارچ میں دہشت گردی کے خطرے سے وفاق نے پنجاب کو آگاہ کردیا تھا، عمران خان پر حملے کی تحقیقات کیلئے پنجاب حکومت کو جو بھی مدد چاہیے ہم حاضر ہیں۔ انہوں نے لاہور میں نیوزکانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اس روز پریس کانفرنس ملتوی کردی، جاں بحق شخص کو اللہ جنت الفردوس میں جگہ دے اور عمران نیازی سمیت زخمیوں کو صحتیابی عطا فرمائے، جب سے یہ واقعہ ہوا ہے تب سے کہا جارہا ہے کہ واقعے میں شہبازشریف، رانا ثناء اللہ اورا یک افسر شامل ہیں، ایک بار پھر جھوٹ اور گھٹیاپن کا مظاہرہ کیا گیا، کل اور پرسوں بدترین الزام تراشی کی گئی، جب آپ قوم کو ایک کھائی کی طرف لے جانے کی حرکتیں کررہے ہوں تو پھر ضرورت ہے کہ جواب دیا جائے۔ شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نیازی اپنی گھناؤنی سازشوں سے قوم کو چھلنی چھلنی کررہے ہیں، افواج پاکستان پر اس طرح حملہ آور ہے کہ جیسے کوئی دشمن ہے، سپہ سالار اور ادارے کے خلاف سوشل میڈیا پر گالیاں چل رہی ہیں، دن رات جھوٹ بولنے والا شخص آج افواج پاکستان پر حملہ آور ہے، بھارت خوش ہورہا ہے کہ عمران خان اداروں کیخلاف اٹھ کھڑا ہوا،

یہ شخص گھناؤنی سازشوں سے قوم کو گمراہ کررہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ جو الزام لگایا گیا ہے، پنجاب حکومت تمہاری ہے، آپ کے پاس اسپیشل برانچ اور آئی بی ہے، وفاق کا مراسلہ پنجاب کو لکھ کر دیا کہ لانگ مارچ میں دہشتگردی کے خطرات ہیں، آئی جی اور ہوم سیکرٹری بتائیں واقعے کی ابھی تک ایف آئی آر کیوں درج نہیں ہوئی؟ عمران خان کو قوم کو بتائیں پوسٹ مارٹم کیوں نہیں ہوا؟ وہ 4گولیاں ہیں یا8یا 16گولیاں ہیں؟ قوم کو بتائیں کتنی گولیاں لگیں؟ مذہب کارڈ کے خلاف ہوں سیاست سیاست ہے، مذہب کارڈ کے استعمال سے احسن اقبال زخمی ہوا تو کسی نے پوچھا؟ آج جو شخص ہے جس کی ویڈیو سامنے آئی ہیں وہ جرم کو قبول کرتا ہے، ہمیں اس کے نتائج پر غور کرنے کی ضرورت ہے، عمران خان سازش کے ثبوت دے ایک لمحہ بھی وزیراعظم نہیں رہوں گا، ثبوت سامنے لائیں جھوٹ نہ بولیں۔

FOLLOW US