اسلام آباد : پی ٹی آئی رہنما اور ساب وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہاہے کہ آزادی احتجاج ہر صورت میں جاری رہے گا، عمران خان آج قوم سے خطاب کریں گے ، قوم سے خطاب میں سازش سے متعلق اہم امور پر قوم کو اعتماد میں لیا جائے گا ۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کی سینئر لیڈر شپ کا اجلاس ختم ہو گیاہے ، اجلاس میں ڈاکٹرز نے عمران خان کے آپریشن سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا ، ابتدائی تفصیلات کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد ایک سے زیادہ ہے ، اجلاس میں عمران خان پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی گئی ، عمران خان پاکستان کے وفاق اور یکجہتی کی علامت ہیں ، عمران خان پر حملہ پاکستان پر حملہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس میں معظم گوندل کی شہادت اور ابتسام کی جرات اور بہادری کو سلام پیش کیا گیا ، لیڈر شپ نے اس حملے کے پس منظر کا تفصیل سے جائزہ لیا ، یہ حملہ ایک سوچی سمجھی سازش کا پیش خیمہ ہے ، اس حملے کے ماسٹر مائنڈ وزیراعظم ، وزیر داخلہ سمیت تین کردار ہیں۔ اجلاس میں آئی جی پنجاب کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کیا گیا اور ان کی فوری تبدیلی کا مطالبہ بھی کیا گیا ، اجلاس نے اقدام قتل کے اس واقعے کو مذہبی رنگ دینے کی سازش کی مذمت بھی کی ، سوشل میڈیا اور میڈیا میں بیانات اور ملزم کی ویڈیو لیکس کا بھی جائزہ لیا گیا ۔