Monday November 25, 2024

تحریک انصاف کا عمران خان پر قاتلانہ حملے کیخلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان

لاہور: تحریک انصاف نے عمران خان پر قاتلانہ حملے کیخلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کر دیا۔تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اسد عمر کا کہنا ہے کہ آج نماز جمعہ کے بعد ملک بھر میں احتجاج ہو گا۔ اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر کہا کہ جب تک عمران خان کا مطالبہ پورا نہیں ہوتا اس وقت تک ملک گیر احتجاج جاری رہے گا۔ دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر قاتلانہ حملے میں ملوث ملزم نوید کو لاہور منتقل کر دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ملزم کو چوہنگ میں قائم سی ٹی ڈی سیل میں پہنچا دیا گیا۔سی ٹی ڈی سمیت دیگر اداروں نے ملزم سے پوچھ گچھ کی،ملزم نوید کے بیان کے بعد پولی گرافک ٹیسٹ بھی کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

واقعہ کا مقدمہ سی ٹی ڈی یا مقامی تھانے میں درج کرایا جائے گا۔ جبکہ سکیورٹی اداروں نے وزیر آباد میں عمران خان پر ہونے والے قاتلانہ حملے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ مکمل کر لی،ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں عمران خان پر ہونے والے حملے کے وقت 2 مختلف اسلحوں سے فائرنگ کیے جانے کی تصدیق ہو گئی، ابتدائی تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ کنٹینر پر پستول کے علاوہ بڑے اسلحے سے بھی فائرنگ کی گئی۔ ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق جائے وقوعہ سے 11 گولیوں کے خول ملے ہیں،9 خول پستول کی گولیوں اور 2 بڑے اسلحے کی گولی کے خول ہیں۔ پولیس کے مطابق پستول کی گولیاں نیچے سے اوپر کنٹینر کی طرف چلائی گئیں جبکہ بڑے اسلحے والی گولیاں کنٹینر سے نیچے کی طرف چلائی گئیں۔ واضح رہے گزشتہ روز تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران سابق وزیراعظم عمران خان کے کنٹینر پر وزیرآباد میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا،اللہ والا چوک میں پی ٹی آئی استقبالیہ کیمپ کے قریب فائرنگ ہوئی،عمران خان گولی لگنے سے زخمی ہوئے۔

FOLLOW US