گوجرانوالہ : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کون ہے جو ملک میں ہماری آواز بند کرکے آزادی لینا چاہتا ہے؟ کون ہیں جو نامعلوم نمبروں سے دھمکیاں دیتا ہے کہ پی ٹی آئی سے دور رہو، ورنہ تمہاری ایسی کی تیسی کردیں گے، چوروں ڈاکوؤں کو ہمارے اوپر مسلط کیا ہوا ہے؟ کیا پاکستان اس لیے بنا تھا؟ انہوں نے گکھڑمنڈی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست مدینہ میں سب سے پہلے انصاف قائم کیا گیا، پھر خوشحالی آئی، غلام غلام رہتے ہیں، غلام چیونٹیوں کی طرح زمین پر رینگتے ہیں، جب امریکی ڈونلڈ لو نے پاکستانی سفیر مجید کو واشنگٹن میں دھمکی دی کہ عمران خان کو عدم اعتماد میں ہٹاؤ ورنہ پاکستان کیلئے مشکلات پیدا کردیں گے۔
میں ان سے چھ سوال پوچھتا ہوں، میرا سوال یہ ہے کہ جب میں وزیراعظم تھا تو سفیر میرے نیچے تھا، سوال یہ ہے کہ ڈونلڈ لو کس کو پیغام دے رہا تھا کہ اپنے وزیراعظم کو ہٹاؤ۔ دوسرا سوال ارشد شریف شہید کو کون دھمکیاں دے رہا تھا؟ کس نے اس کو ملک سے باہر جانے پر مجبور کیا، پھر کس نے دبئی چھوڑ کرجانے پر پر مجبور کیا، پھر کون تھا جو ارشد شریف کا منہ بند کرنا چاہتا تھا؟ جب وہ رجیم چینج سازش کو بے نقاب کرنا چاہتا تھا، صحافیوں کو کون دھمکیاں دے رہا ہے؟ کون آزادی رائے سے خوفزدہ ہے؟ کون ہے جو ملک میں ہماری آواز بند کرکے ہماری آزادی لینا چاہتا ہے؟ وہ کون ہے جنہوں نے اعظم خان سواتی جس کی 75سال عمر ہے، پہلے پوتے پوتیوں کے سامنے مار پڑوائی پھر ننگا کرکے تشدد کیا گیا، وہ کون تھا جس نے شہبازوٴگل پر ننگا کرکے تشدد کیا؟ پولیس کہتی ہم نہیں تھے ہمیں پیچھے سے آرڈر آئے کون آرڈر دے رہا تھا؟ وہ کون ہے جو ٹیلی فون کرکے نامعلوم نمبروں سے دھمکیاں دیتے ہیں، کہ تحریک انصاف سے دور رہو، ورنہ تمہاری ایسی کی تیسی کردیں گے۔
کون ہے جس نے چوروں ڈاکوؤں کو ہمارے اوپر مسلط کیا ہوا ہے؟ کیا پاکستان اس لیے بنا تھا کیا قائداعظم نے اس لیے جدوجہد کی تھی؟ اس کا وزیرداخلہ 18قتل کرنے والا ہو۔ اور بھگوڑا مفرور مجرم لندن میں بیٹھ کر ہمیں حکم دے کہ آرمی چیف کون ہوگا؟ باپ بیٹے کو 16ارب کیسز میں سزا ہونے والی تھی اس کو کیسز ختم کرکے اس کو ملک کا وزیراعظم بنا دیا۔ کیا پاکستان اس لیے بنا تھا؟ آصف زرداری جو ملک کو 30سال سے لوٹ رہا ہے، کیا اس ملک کا مستقبل ڈاکوؤں کے ہاتھ میں ہے؟ اسحاق ڈار جس نے مجسٹریٹ کے سامنے گواہی دی کہ میں شریف خاندان کے چوری کے پیسوں کو منی لانڈرنگ کے ذریعے برطانیہ بھیجتا تھا۔
ہم جانور ہیں، ہم بھیڑ بکریاں ہیں جو ان چوروں کی قیادت مان لیں۔ ہم کبھی ان چوروں کو تسلیم نہیں کریں گے۔اعلان کررہا ہوں کہ اگر ان چوروں کے نیچے غلامی کرنی ہے تو موت بہتر ہے۔ کیونکہ ان کی غلامی کرنے سے زیادہ ذلت کیا ہوگی؟ میں کبھی ان کو تسلیم نہیں کروں گا، کوئی نہ سمجھے کہ یہ تحریک ختم ہوجائے گی، یہ تحریک اگلے 10مہینے تک چلتی رہے گی۔ جب تک الیکشن نہیں ہوجاتے۔ انہوں نے کہا کہ مارچ دیکھ کر اسلام آباد میں بیٹھے لوگوں کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں۔میچ ختم ہونے سے پہلے ہی کپتان کو پتا چل جاتا ہے کہ اب اگلی ٹیم جیت نہیں سکتی، ہم پاکستان کا میچ اللہ کے فضل سے جیت چکے ہیں۔