Monday January 27, 2025

ارشد شریف کا قتل، پاکستان ہائی کمیشن کے اہلکار کی کینیا حکام سے ملاقات میں موبائل پر گیم کھیلنے کی تصویر وائرل

اسلام آباد : ممتاز صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کینیا میں فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کینیا میں پاکستان کی سفیر سیدہ ثقلین، کینیا کے پولیس حکام اور ڈاکٹرز اس وقت نیروبی کے مردہ گھر میں موجود ہیں، پاکستانی سفیر نے مرحوم ارشد شریف کی شناخت کرلی ہے۔ ہ کینیا میں پاکستان کی سفیر سیدہ ثقلین نے اس حوالے سے کینیا کے اعلیٰ حکام سے ملاقات بھی کی۔پاکستان تحریک انصاف اور سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری نے ایک تصویر شئیر کی ہے جس میں پاکستانی اہلکار کو کینیا کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کے دوران فون پر گیم کھیلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔شیریں مزاری نے کہاکہ جب ہائی کمشنر سعیدہ ثقلین ارشد شریف کے قتل سے متعلق کینیا کے حکام سے ملاقات کر رہی تھیں تو اس دوران پاکستانی ہائی کمیشن کا اہلکار فون پر کینڈی کرش کھیل رہا تھا۔ وزارت خارجہ متعلقہ افسر کے خلاف فوری ایکشن لینا چاہئیے۔

اس کے علاوہ بھی کئی صارفین نے اس تصویر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مذکورہ اہلکار کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ جب کہ وزارت خارجہ نے کینیا میں ارشد شریف کی ناگہانی موت پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کی ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کی طرف سے پیر کو جاری بیان کے مطابق کینیا میں پاکستان کے ہائی کمشنر کو 24 اکتوبر کی صبح ارشد شریف کی موت کی ابتدائی اطلاع موصول ہوئی۔ بیان کے مطابق ہائی کمشنر نے اس کے مطابق پولیس حکام اور وزارت خارجہ کے علاوہ دیگر محکموں کے سینئر حکام سے رابطہ کیا جبکہ تصدیق کے لیے کینیا کے نائب صدر کے دفتر سے بھی رابطہ کیا گیا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کینیائی نژاد پاکستانیوں کو بھی متحرک کیا گیا، مشن کو بتایا گیا کہ لاش نیروبی کے چیرومو فیونرل ہا ئوس میں ہے۔ بیان کے مطابق ہائی کمشنر مشن کے افسران کے ساتھ وہاں پہنچے اور انہوں نے ارشد شریف کی میت کی شناخت کی۔

قائم مقام سیکرٹری خارجہ نے ارشد شریف کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور اس افسوسناک خبر کی تصدیق کرتے ہوئے وزیر خارجہ اور وزیر مملکت برائے امور خارجہ کی جانب سے ان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا، مرحوم کے اہل خانہ کو وزارت خارجہ کی جانب سے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ بیان کے مطابق پولیس رپورٹ سمیت مزید کارروائی کا انتظار ہے، ہائی کمیشن میزبان حکام کے ساتھ مل کر ارشد شریف کی میت کی جلد وطن واپسی میں سہولت فراہم کرے گا۔

FOLLOW US