Monday November 25, 2024

عمران خان کی کارکنوں کو الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف جاری احتجاج ختم کرنے کی ہدایت

اسلام آباد : عمران خان نے کارکنوں کو الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف جاری احتجاج ختم کرنے کی ہدایت کر دی، کہا نہیں چاہتا لوگوں کو مشکلات آئیں، لانگ مارچ کی کال کا انتظار اور تیاری کریں، جب تک زندہ ہوں مافیا کا مقابلہ کروں گا، ملک اس وقت فیصلہ کن موڑ پر ہے، تاریخ کا سب سے بڑا لانگ مارچ کروں گا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے عوام کے نام پیغام جاری کیا گیا ہے۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ لیکشن کمشنر کے جانبدار فیصلے پر آج پوری قوم سڑکوں پر نکلی، احتجاج کرنے والے پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ عمران خان نے لیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس کیس میں ایک چیز غیر قانونی نہیں نکلے گی کیونکہ ہمارے پاس تمام دستاویزات ہیں۔

توشہ خانہ میں تمام تحائف کا ریکارڈ موجود ہوتا ہے، توشہ خانہ سے آدھی قیمت دے کر تحفہ خریدا جا سکتا ہے، تحائف خریدے جاتے ہیں تو ان کا ریکارڈ ہوتا ہے، آصف زرداری اور نواز شریف نے توشہ خانہ کا قانون توڑا، انہوں نے چار مہنگی گاڑیاں غیرقانونی طور پر نکالی تھیں لیکن ان کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔ پی ٹی آئی چئیرمین نے چیف الیکشن کمشنر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمشنر نے مافیا کا حصہ بن کر فیصلہ کیا، الیکشن کمشنر نے ہمیشہ ہمارے خلاف فیصلے دیئے ہیں، ای وی ایم معاملے پر بھی الیکشن کمشنر نے ہمارا ساتھ نہیں دیا، پیپلزپارٹی اور ن لیگ سے مل کر ای وی ایم مشین کو مسترد کر دیا تھا، سینیٹ الیکشن میں یوسف رضا گیلانی کا بیٹا پیسے دیتے ہوئے پکڑا گیا، کروڑوں روپے لوٹا کر ہمارے لوگوں کو خریدا گیا، لیکن الیکشن کمیشن نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ پنجاب میں الیکشن کمشنر کی مدد کے باوجود ن لیگ کوشکست ہوئی، یہ لوگ حکومت میں ہیں لیکن ضمنی انتخابات میں پھر بھی ان کو شکست ہوتی ہے۔ عمران خان نے انکشاف کیا ک رات کو پارٹی اراکین کو بتا دیا تھا کہ مجھے صبح نااہل قراردے دیں گے، مافیا پاکستان کی سب سے بڑی جماعت کو ختم کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ مجھے اور نوازشریف کو ایک جیسا دکھایا جا رہا ہے، نوازشریف سب سے بڑا چوری ہے، اس کے پاس اربوں ڈالر مالیت کے پلازہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عدالتوں نے مجھے صادق اور امین قرار دیا، میں نے جو بھی خریدا سب کی رسیدیں موجود ہیں، میں جب کرکٹ کھیلتا تھا تب ایک فلیٹ خریدا تھا اور اس کی رسیدیں عدالت کو دکھائی جس کے بعد مجھے صادق اور امین قرار دیا گیا۔ عمران خان نے اپنے کارکنوں کو احتجاج ختم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نہیں چاہتا لوگوں کو مشکلات آئیں، آپ سب تیاری کریں، سب سے بڑا لانگ مارچ کریں گے، اب احتجاج لانگ مارچ پر ختم نہیں ہوگا، حقیقی آزادی کی تحریک چلتی رہے گی، جب تک زندہ ہوں مافیا کا مقابلہ کروں گا،ملک اس وقت فیصلہ کن موڑ پر ہے۔

FOLLOW US