Monday November 25, 2024

سابق وزرائے اعظم کی طرح موجودہ بھی جلد ”مجھے کیوں نکالا“ کا نعرہ لگائیں گے، سراج الحق کا دعویٰ

سکھر : امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ دو سابق وزرائے اعظم کی طرح موجودہ بھی جلد ”مجھے کیوں نکالا“ کا نعرہ لگائیں گے۔ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ کے سہارے کے بغیر سیاست نہیں کر سکتیں، دونوں اطراف خطرناک کھیل کھیل رہی ہیں جن کا عوام اور جمہوریت سے کوئی لینا دینا نہیں۔ سندھ کے لوگ سیلاب اور بارش سے کم،حکمرانوں کی نااہلی اور نالائقی کی وجہ سے زیادہ متاثر ہوئے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جیکب آباد اور سکھر میں سیلاب متاثرین کی امداد میں تاخیر اور کرپشن کے خلاف احتجاجی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نائب امیر جماعت اسلامی اسداللہ بھٹو، امیرجماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ صوبے پرمسلسل 14برس سے حکمران جماعت نے سندھیوں کو محرومیوں کے علاوہ کچھ نہیں دیا، صوبے میں لاکھوں لوگ سڑکوں کے کنارے کھلے آسمان تلے اذیت ناک زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ وزیر اعظم نے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے 70 ارب کا اعلان کیا، مگر تاحال متاثرین کو ایک روپیہ نہیں ملا۔ کیا لوگوں کی جانیں چلی جانے کے بعد ان کی قبروں پر پیسے رکھے جائیں گے؟ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین جب سے وزیر خارجہ بنے ہیں وہ ملک میں گھومنے آتے ہیں۔ سندھ کے عوام نے جنھیں کندھوں پر اٹھا کر اقتدار تک پہنچایا، آج وہ اشرافیہ لوگوں کو پہچاننے سے انکاری ہے۔ حکمران متاثرین کا سامنے کرنے سے خوفزدہ ہیں۔

FOLLOW US