راولپنڈی: سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ حالات بند گلی کی جانب جارہے ہیں، 30 اکتوبر تک بہت کچھ واضح ہوجائے گا، کنٹینرز لگنے کے باوجود انقلاب آئے گا، امید ہے کہ سپریم کورٹ نیب کے حوالے سے اچھا فیصلہ دے گی۔ راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دنیا تسلیم کرتی ہے کہ ہمارے ایٹمی اثاثے محفوظ ترین ہیں جبکہ جوبائیڈن کے بیان پر وزیر خارجہ کہتے ہیں کہ امریکہ نے سرسری بیان دیا، اصل میں حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے اور شام تک سب واضح ہوجائے گا۔
شیخ رشید نے کہا کہ توقع ہے کہ الیکشن کے بعد عمران خان لانگ مارچ کی کال دیں گے، عمران خان سے درخواست ہے کہ عوام توقع رکھتی ہے آر یا پار کرو، پاکستان کی فوج اپنے لوگوں پرگولی نہیں چلاسکتی کنٹینرز کی دیواروں کے باوجود انقلاب آئے گا۔ان کا کہنا تھا کہ جو مرضی ویڈیو اور آڈیو لے آئیں عمران خان کو کچھ نہیں ہوگا، عمر کے اس حصے میں عمران خان کے ساتھ ہوں اور اللہ کے بعد عوام کی بڑی تعداد ہمارے ساتھ ہے، ہم عمران خان کے ساتھ اس کی سلامتی کے لیے کھڑے ہیں۔ سابق وزیر کا کہنا تھا کہ ملک میں مذہبی انتشار پھیلانے کی عالمی سازش ہورہی ہے، شہباز شریف کو کہتا ہوں کہ قومی سلامتی پر آپ کے کسی غیر ذمہ دارانہ اقدام پر قوم آپ کے ساتھ نہیں کھڑی ہوگی۔ جب سے اسحاق ڈار آیا ہے 1 ارب ڈالر خرچ کر چکا ہے، محکموں میں تنخواہیں دینے کے پیسے نہیں ہیں اور شہباز شریف فضل الرحمان سے دَم کرا رہے ہیں، جو خود دَم پر یقین ہی نہیں رکھتے۔