Monday November 25, 2024

این اے 31 پشاور ضمنی الیکشن، عمران خان کی واضح برتری، پی ٹی آئی کارکنوں کا جشن

پشاور : قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 31 پشاور میں ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ این اے 31 پشاور 5 کے 265 میں سے 190 پولنگ سٹیشنز کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج موصول ہوچکے ہیں جن کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو واضح برتری حاصل ہے۔ عمران خان کی واضح برتری کے باعث پشاور میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے جشن منانا شروع کردیا ہے اور شہر میں آتش بازی کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی 41 ہزار 77 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں۔ عوامی نیشنل پارٹی کے حاجی غلام احمد بلور نے 22 ہزار 696 ووٹ حاصل کیے ہیں۔

گزشتہ عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے شوکت علی نے اس حلقے سے 87 ہزار 895 ووٹوں کے ساتھ کامیابی حاصل کی تھی جب کہ غلام احمد بلور 42 ہزار 476 ووٹ حاصل کرسکے تھے۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی جانب سے پی ٹی آئی ارکان کے استعفے منظور کرنے کے بعد یہ نشست خالی ہوئی تھی۔

FOLLOW US