راولپنڈی : متروکہ وقف املاک بورڈ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید اور ان کے بھائی شیخ صدیق کو لال حویلی خالی کرنے کا نوٹس جاری کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق متروکہ وقف املاک بورڈ نے شیخ رشید اور انکے بھائی کی جائیداد سے بے دخلی کا نوٹس جاری کیا ہے۔ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر متروکہ وقف املاک بورڈ کا کہنا ہے کہ 7 روز کے اندر زیر قبضہ اراضی یونٹس خالی کریں ورنہ آپ کو بذریعہ پولیس بے دخل کر دیا جائے گا،جائیداد میں لال حویلی کی جگہ بھی شامل ہے۔ ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر متروکہ وقف املاک آصف خان نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو بھی پولیس کی معاونت کیلئے خط لکھ دیا ہے۔متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے 19 اکتوبر کو آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کے مطابق لال حویلی سمیت متروکہ وقف کی 7 اراضی یونٹس کی متعدد سماعتیں ہو چکی ہیں،شیخ رشید اور انکے بھائی کوئی مستند دستاویزات پیش نہیں کر سکے۔ ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے مزید رپورٹ کیا گیا کہ ایف آئی اے کو بھی کارروائی میں شامل کا فیصلہ کیا گیا۔شیخ رشید کو جلد ایف آئی اے میں بھی بلائے جانے کا امکان ہے،شیخ رشید کو متروکہ وقف املاک کی اراضی پر قبضہ کرنے کے الزام میں بلایا جائے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں متروکہ وقف املاک راولپنڈی نے لال حویلی سمیت 7 اراضی یونٹس پر غیر قانونی قبضہ پر شیخ رشید کو آخری موقع دیا۔
متروکہ وقف املاک کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر نے سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کو اصالتاً یا وکالتاً پیش ہونے کا حکم دیا۔متروکہ وقف املاک زونل دفتر راولپنڈی میں لال حویلی کے ایک یونٹ سمیت سات اراضی یونِٹس پر قبضے سے متعلق سماعت ہوئی تھی۔ شیخ رشید کے وکیل ایڈووکیٹ سردار شاہ زیب اور انکے سیکرٹری متروکہ وقف املاک کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر آصف خان کے روبرو پیش ہوئے۔
شیخ رشید کے وکیل نے نیا وکالت نامہ جمع کرا کے استدعا کی کہ دستاویزات کی تیاری کیلئے مہلت دی جائے اور شیخ رشید سیاسی مقدمات کی وجہ سے پیش نہیں ہوسکتے۔ یاد رہے کہ شیخ رشید کے خلاف متروکہ وقف املاک کی اراضی پر قبضے سے متعلق انکوائری 1994 میں شروع ہوئی جس کے بعد ان کو متعدد نوٹسز جاری کئے گئے۔متروکہ وقف املاک کی دستاویزات کے مطابق شیخ رشید نے لال حویلی سمیت سات اراضی یونِٹس پر غیر قانونی قبضہ کیا ہوا ہے۔