Sunday January 19, 2025

پورے ملک کو پیغام دے رہا ہوں اتوار کو ضمنی الیکشن نہیں بلکہ ریفرنڈم ہو رہا ہے، پاکستان فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے، عمران خان کا خطاب

کراچی : عمران خان کا کہنا ہے کہ پورے ملک کو پیغام دے رہا ہوں اتوار کو ضمنی الیکشن نہیں بلکہ ریفرنڈم ہو رہا ہے، ضمنی الیکشن میں ملک کا فیصلہ ہونے جارہا ہے، پاکستان فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے جمعہ کی رات کو ضمنی الیکشن کی مہم کے سلسلے میں کراچی میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب بیرونی سازش کے تحت ہماری حکومت ہٹائی گئی تو جلسہ کرنے کراچی آیا تھا، مزار قائد پر عوام نے اس وقت میری حوصلہ افزائی کی تھی، سیاسی تحریکیں ہمیشہ سے کراچی سے شروع ہوئیں، شہر قائد کے لوگ سیاسی شعور رکھنے والے لوگ ہیں۔

کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے، کراچی ترقی کرتا ہے تو پورا پاکستان ترقی کرتا ہے،جب کراچی کی طبعیت خراب تو پاکستان کی طبعیت خراب ہو جاتی ہے، کراچی پاکستان کا معاشی انجن ہے۔
ایم کیوایم سے پوچھتا ہوں کیا اب زرداری کے ساتھ بیٹھ کر خوش ہےَ؟ کیا زرداری نے کراچی کے مسئلے حل کر دیئے؟ کراچی میں ہماری حکومت نہیں تھی اس کے باوجود گرین لائن بس سروس شروع کی، ہماری حکومت نے 15 سال سے رکا کے فور منصوبہ شروع کیا۔

انہوں نے کہا کہ سندھی بھائیوں تیار ہو جاؤ، ایک، ایک ڈسٹرکٹ میں جاؤں گا، مجھے نظرآرہا ہے اندرون سندھ کے لوگ بھی حقیقی آزادی کے لیے تیاربیٹھے ہیں، اندرون سندھ کے لوگوں تیار ہو جاؤ، مارچ سے فارغ ہو جاؤں پھر اندرون سندھ، کراچی آؤں گا، زرداری مافیا نے اندرون سندھ کے لوگوں کو غلام بنایا ہوا ہے سندھ کو زرداری کی بیماری سے آزاد کریں گے۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اتوار کو ضمنی الیکشن ہے، پورے ملک کو پیغام دے رہا ہوں یہ الیکشن نہیں ملک کا ریفرنڈم ہو رہا ہے، ضمنی الیکشن میں ملک کا فیصلہ ہونے جا رہا ہے، الیکشن کو الیکشن نہیں چوروں کے خلاف جہاد سمجھنا ہے، میں نے تنہا کرپشن کے خلاف لڑنے کا ٹھیکہ نہیں لیا آپ نے بھی ساتھ دینا ہے، پاکستان فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے، ہم نے فیصلہ کرنا ہے کیا ہم نے بھیڑ، بکریوں کی طرح غلامی یا خود دار قوم کی طرح کھڑے ہونا ہے، ہم نے اپنی حقیقی آزادی لینی ہے، صرف آزاد انسانوں کی پرواز اوپر ہوتی ہے۔

چئیرمین تحریک انصاف نے 13 جماعتوں کی اتحادی وفاقی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ چور بیرونی سازش کے تحت اقتدار میں آئے، جب سے یہ ملک پر مسلط کیے گئے 50 سالہ مہنگائی کے ریکارڈ ٹوٹ گئے، بجلی کے بلوں نے تنخواہ دار طبقے کا جینا مشکل کر دیا ہے، اب گیس کی قیمت بھی بڑھنے والی ہے۔ ہمارے دور میں پٹرول اور فضل الرحمان 150 روپے کا تھا،ہمارے دورمیں آٹا 55 روپے اور آج 100 روپے سے اوپر چلا گیا، ملکی حالات دن بدن خراب ہو رہے ہیں، ڈالرکے مقابلے میں 30 فیصد روپے کی قیمت گر چکی ہے۔ ورلڈبینک کے مطابق کورونا کے باوجود پاکستان میں سب سے زیادہ روزگار ملا، عالمی اداروں نے ہماری کورونا کی پالیسی کو سراہا، ہم نے کورونا کے دوران غریبوں اور معیشت کو بھی بچایا تھا، دنیا نے احساس پروگرام کو سراہا، اکنامک سروے کے مطابق 17 سال بعد ہماری حکومت میں 6 فیصد گروتھ تھی۔ عمران خان نے اعلان کیا کہ اس ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا مارچ کرنے لگا ہوں، میرے پاکستانیوں اپنی طاقت اورصلاحیت کو پہچانو، آپ کا مستقبل ان چوروں کے نیچے نہیں ہے، اس ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا سمندر ہمارے ساتھ نکلے گا، عوام کا سمندر بتائے گا قوم کدھر کھڑی ہے، یہ حقیقی آزادی کا جہاد ہے۔

FOLLOW US