Sunday May 19, 2024

قوم کا پیسہ لوٹا جاتا ہے پھر باعزت بری کر دیا جاتا ہے، اگر کسی کا احتساب نہیں ہونا اور سب نے باعزت بری ہونا ہے تو احتساب کے ادارے ختم کر دیں

اسلام آباد : امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ایک طرف قوم کا پیسہ لوٹا جاتا ہے پھر باعزت بری کر دیا جاتا ہے۔منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعظم شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی بریت پر ردعمل دیتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ اگر کسی کا احتساب نہیں ہونا اور سب نے ‘باعزت’ بری ہونا ہے تو احتساب کے ادارے ختم کر دیں تاکہ ان پر قوم کا پیسہ خرچ نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف قوم کا پیسہ لوٹا جاتا ہے، دوسری طرف اس کی واپسی کے نام پیسہ پانی کی طرح بہتا ہے اور ہاتھ کچھ نہیں آتا، ہر دو طرح سے قوم خسارے میں رہتی ہے۔سراج الحق کا کہنا تھا کہ یہ کیسا نظام ہے جس میں کسی کے اشارہ ابرو سے ایک وقت میں جس رفتار سے کسی کے خلاف مقدمے بنتے ہیں، اسی رفتار سے پھر واپس ہونے لگتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈیل اور ڈھیل کی روش نے احتسابی عمل اور احتسابی اداروں کو مذاق بنا دیا ہے۔ یہ سلسلہ اب ختم ہونا چاہیے قوم بلاتفریق حقیقی احتساب چاہتی ہے۔

FOLLOW US