Tuesday November 11, 2025

سوات میں شدت پسندی کے خلاف مظاہرہ، لوگوں کا پی ٹی آئی میئر کی تقریر سننے سے انکار، سٹیج سے نیچے اتارنے کے نعرے

سوات: سوات میں امن کے حق اور شدت پسندی کے خلاف ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے تعلق رکھنے والے میئر سوات شاہد علی سٹیج پر تقریر کرنے آئے تو لوگوں نے ان کی بات سننے سے انکار کردیا۔ اینکر پرسن عادل شاہزیب کی جانب سے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ میئر شاہد علی مظاہرین سے خطاب کی کوشش کر رہے ہوتے ہیں لیکن لوگ انہیں نیچے اتارنے کے نعرے لگا رہے ہوتے ہیں۔

میئر شاہد علی نے اپنے فیس بک پیج پر مظاہرے کی تصاویر شیئر کی ہیں جن میں انہیں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے بعد ازاں انہوں نے اپنے پیج پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں وہ تحریک انصاف کے کارکنوں کے ساتھ سفید جھنڈے اٹھا کر امن واک کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ کیا واقعی شاہد علی کو تقریر نہیں کرنے دی گئی اور انہیں سٹیج سے اتارا گیا ؟ یا پھر چند لوگوں نے یا مخالف سیاسی جماعت کے کارکنوں نے نعرے بازی کی، اس حوالے سے صورت حال واضح نہیں ہے۔