لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ، فوکل پرسن فوڈ سکیورٹی و خصوصی اقدامات جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ اگر کسی کو بھی لگتا ہے کہ اسحاق ڈار کے جاری شدہ اعداد و شمار درست ہیں کہ بجلی 45 فیصد سستی ہوچکی ہے تو وہ پچھلے سال ستمبر کا بل اور اس سال ستمبر کے بل کا تقابلی جائزہ لے لے، اسحاق ڈار کو معاشی طبیب کے طو رپر متعارف کرایا گیا ہے لیکن قوم یہ جان لے اسی طبیب کی وجہ سے پہلے بھی معیشت کا زخم ناسو ر بنا جس کی ہمیں سرجری کرنا پڑی تھی ۔
حلقہ این ای121میں پارٹی رہنمائوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ حکومت بتائے ایسا کیا فارمولہ لگایاگیا ہے کہ جو ڈالر چند روز پہلے آسمان کو چھو رہا تھا وہ یکدم نیچے کیسے آ گیا ، صاف نظر آرہا ہے کہ اسحاق ڈار کی رونمائی کے لئے یہ سارا ڈرامہ رچایا گیا اور اس کا خمیازہ بھی قوم بھگتے گی ۔ انہوںنے کہا کہ ڈالر کے اتار چڑھائو کی وجہ سے برآمد کنندگان اپنے سودے کرنے سے ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کر رہے ہیں ، (ن) لیگ اپنی سیاست چمکانے کیلئے معیشت سے کھلواڑ کر رہی ہے ۔انہوںنے کہا کہ امپورٹڈ ٹولے کا جانا نوشتہ دیوار ہے ، ان کے اقتدار کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے۔









