Sunday January 19, 2025

نمبر گیم مکمل ہے،پنجاب حکومت جلد ختم ہو جائے گی بہت ساری باتیں وقت آنے پر بتاؤں گا، رانا مشہود

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود نے پنجاب حکومت جلد ختم ہونے کا دعوی کر دیا ہے۔ سماء نیوز کی رپورٹ کے مطابق رانا مشہود نے کہا ہے کہ نمبر گیم مکمل ہو چکی ہے، جلد ہی پنجاب حکومت کا خاتمہ ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 4 سال میں میرٹ کی دھجیاں اڑائی گئی ہیں،ساری باتیں وقت آنے پر بتاوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کا انتخاب آئین نے خفیہ رائے شماری سے طے کیا ہے، رائے شماری میں بیلٹ پیپر پر سیریل نمبر درج نہیں ہونا چاہیے تھا۔ جبکہ دوسری جانب لیگی رہنما رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پنجاب میں بھی آئینی طریقے کے ساتھ تبدیلی لائیں گے۔ جیو نیوز کے مطابق وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ نوازشریف نومبر میں پاکستان واپس آجائیں گے، عمران خان نااہل، جھوٹا اور منافق ترین انسان ہے،

عمران خان استعفا دے کر مکر گیا ہے، پی ٹی آئی کے کچھ اراکین استعفا دینے کے باوجود مراعات لے رہے ہیں، عمران خان کے پاس اب بیساکھیاں نہیں ہیں۔ عمران خان لوگوں کو بغاوت پر اکسا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی پر قابو پانا صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی مائی کا لعل اسلام آباد پر چڑھائی کرکے دکھائے؟ جس صوبے نے وفاق پر چڑھائی کی تو وہاں گورنر راج لگایا جاسکتا ہے، پنجاب میں بھی آئینی طریقے سے تبدیلی لائیں گے۔ جبکہ ہفتے کے روز اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف بھی پنجاب میں ممکنہ تبدیلی کے حوالے سے عندیہ دے چکے۔ وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی پر اعتراض نہیں ہونا چاہئیے، ان ہاؤس تبدیلی آئینی طریقے سے ہوتی ہے جیسے قومی اسمبلی میں ہوئی تو اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔

FOLLOW US