Wednesday November 27, 2024

رانا ثنااللہ کےخلاف ایسا معاملہ پکڑا ہے کہ انہیں عمر قید ہوگی، پرویز الہٰی

اسلام آباد : رانا ثنااللہ کےخلاف ایسا معاملہ پکڑا ہے کہ انہیں عمر قید ہوگی، موجودہ وفاقی حکومت میں شامل لوگوں کا تجربہ صرف جھوٹے مقدمے بنانے کا ہے ، پرویز الہٰی کی گفتگو۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے وفاقی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ رانا ثنااللہ کے خلاف ایسا کام پکڑا ہے کہ انہیں عمر قید ہوگی۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ ہم نے مسلم لیگ (ن) کی طرح انتقامی سیاست کبھی نہیں کی، ہمیشہ عوامی خدمت کے جذبے کے تحت مثبت سیاسی روایات قائم کی ہیں، عمران خان پاکستان کے مقبول ترین رہنما ہیں، ان کا ساتھ دیا، دے رہے ہیں اور دیتے رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ احساس راشن پروگرام کے تحت ابھی رجسٹریشن کا آغاز کیا ہے اور صرف ایک گھنٹے کے دوران 80 ہزار افراد نے اس پر ردعمل دیا ہے، پورے صوبے میں اس پروگرام کے تحت رجسٹریشن کا عمل 15 روز تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے لیے ہم نے 10 ارب روپے کا بجٹ رکھا ہے اور ضرورت کے مطابق اس کے بجٹ کو مزید بھی بڑھایا جاسکتا ہے، ہمارا مقصد غریب کو ریلیف فراہم کرنا ہے، اس پروگروام کو عالمی سطح پر بہت سراہا گیا ہے، ورلڈ بینک اور 4 بڑے ممالک کے حکام نے اس پروگرام کی تعریف کی اور ثانیہ نشتر کی کارکردگی کو سراہا ہے۔پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کے پیچھے عمران خان کا وژن ہے، یہ پروگرام بلاتفریق سب کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین کی جانب سے عمران خان کے خلاف مختلف مقدمات کی کوئی حیثیت نہیں، ان مقدمات سے عمران خان کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ بہت بڑھکیں مارتے ہیں، ان کے خلاف ہم نے ایسا کام پکڑا ہے کہ ان کو عمر قید کی سزا ہوگی، میں نے خود ان کو دیکھا تھا، ان کے خلاف کیس بہت مضبوط ہے۔

FOLLOW US