Monday November 25, 2024

’عمران خان کا ساتھ دیا، دے رہے ہیں اور دیتے رہیں گے‘ پرویزالٰہی کا دوٹوک اعلان

لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی طرح انتقامی سیاست کبھی نہیں کی، عمران خان کا ساتھ دیا، دے رہے ہیں اور دیتے رہیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی سے پی ٹی آئی رہنماء ہمایوں اختر خان نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور فلاح عامہ کے پروگرام پر بات چیت کی گئی۔ اس دوران وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہماری سیاست کا محور عام آدمی کے حالات میں بہتری لانا ہے اور ہمیشہ غریب آدمی کو ریلیف دینے کے لیے خلوص نیت سے کام کیا ہے، ہم ایسے کام کر رہے ہیں جو عوام ہمیشہ یاد رکھیں اور مسلم لیگ ن کی طرح انتقامی سیاست کبھی نہیں کی بلکہ ہمیشہ مثبت سیاسی روایات قائم کی ہیں۔

چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ عمران خان پاکستان کے مقبول ترین لیڈر ہیں، عمران خان کا ساتھ دیا، دے رہے ہیں اور دیتے رہیں گے، ون مین شو کے بجائے پوری ٹیم کو ساتھ لے کر چلتا ہوں۔
اس موقع پر ہمایوں اختر نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے کہا کہ آپ کا سابقہ دور پنجاب کی تاریخ کا ریکارڈ ڈویلپمنٹ کا دور تھا اور اب بھی مختصر مدت میں آپ نے فلاح عامہ کے لیے شاندار اقدامات کیے ہیں۔ ادھر پنجاب کی صوبائی کابینہ نے احساس راشن رعایت پروگرام کی منظوری دے دی، جس کے تحت صوبے کے عوام کو آٹے، دال، گھی یا کوکنگ آئل پر40 فیصد تک رعایت ملے گی، پنجاب احساس پروگرام کی چیئرپرسن ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بتایا کہ پنجاب کابینہ نے 100 ارب روپے کے احساس راشن رعایت پروگرام کی منظوری دےدی ہے، جس سے 80 لاکھ گھرانے مستفید ہوں گے جنہیں آٹے، دال،گھی یا پکانے کے تیل پر 40 فیصد تک رعایت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ آج سے رجسٹریشن کا آغاز ہوگیا ہے، جو گھرانے اس پروگرام سے مستفید ہونا چاہتے ہیں وہ اس کیو آر کوڈ کو سکین کرکے اپنی رجسٹریشن کروائیں اس کے علاوہ کریانہ دکاندار بھی رجسٹریشن کروائیں جب کہ جو دکاندار پہلے سے پروگرام میں شامل تھے ان کو دوبارہ رجسٹریشن کی ضرورت نہیں ہے، دکانداروں کو ہر سبسڈی سیل پر 8 فیصد کمیشن اور ہر سہ ماہی میں قرعہ اندازی کے ذریعے قیمتی انعامات دیئے جائیں گے۔

FOLLOW US