Monday November 25, 2024

فیصلہ اب سڑکوں پر ہوگا،کتنے دن کے اندر لانگ مارچ کی کال کی تاریخ دیں گے ،تحریک انصاف نے بڑااعلان کردیا

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کے خلاف فیصلہ کن لانگ مارچ کا فیصلہ کرتے ہوئے کہاکہ سات روز میں لانگ مارچ کی تاریخ دینگے، فیصلہ اب سڑکوں پر ہوگا، عمران خان نے کہا کہ بھرپور عوامی تائید و شرکت پاکستان کو غلامی و محکومی کے شکنجے سے آزاد کروانے کیلئے لازم ہے ،فواد چوہدری نےکہاہےکہ لوگ اب بھی باہر نہ نکلے تو ہم میانمار یا تھائی لینڈ کے ماڈل پر چلے جائیں گے،علی زیدی نےکہاکہ اہل پاکستان! ان چوروں کے بچے آپ کے بچوں کا مستقبل لوٹنا چاہتے ہیں، عمران کی کال کیلئے تیار رہنا ، ہمت نہ ہارنا،اسد قیصر نےکہاکہ حکومت عمران کو گرفتار کرنے کی غلطی نہ کرے۔تفصیلات کےمطابق تحریک انصاف کے مرکزی قائدین کا اہم ترین مشاورتی اجلاس ہفتہ کو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی صدارت میں ہوا جس میں پارٹی سربراہ عمران خان نے کہا کہ ظالموں کو مزید مہلت نہیں دیں گے،

جلد تاریخی لانگ مارچ کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کروں گا،جاری بیان کے مطابق ملکی مجموعی سیاسی صورتحال، مجرموں کو ملنے والے این آر او اور تازہ ترین آڈیو لیکس سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادل خیال کیا گیا ،اسلام آباد لانگ مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے جامع حکمت عملی پر مفصل مشاورت کی گئی ،تاریخ کے اعلان کے بعد بیک وقت کئی ایک حکمتِ عملی نکات کو حتمی شکل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ پارٹی بیان کے مطابق حتمی تاریخ کے اعلان سے قبل چیئرمین تحریک انصاف نے اسلام آباد اور گرد و نواح کے اضلاع کی تنظیموں کو بھرپور طریقے سے تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، عمران خان پشاور ریجن اور فیصل آباد ڈویژنز میں بڑے ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گے ، عمران خان کی جانب سے ذمہ داران کو اہداف سونپ دیے گئے ہیں، اجلاس میں عمران خان کا کہناہے کہ اشرافیہ کیلئے اور عوام کیلئے دوسرے قانون کی روایت ملک کو تباہی کی دلدل میں دھکیل رہی ہے،قانون کی حکمرانی آگے بڑھنے کا واحد رستہ ہے،این آر اوز قانون کی حکمرانی کیلئے زہرِ قاتل، قوم پر مسلط بحرانوں کا حقیقی سبب ہیں، کرپٹ اور مجرم گروہ کیخلاف فیصلہ کن تحریک کا مرحلہ آن پہنچا ہے۔بھرپور عوامی تائید و شرکت پاکستان کو غلامی و محکومی کے شکنجے سے آزاد کروانے کیلئے لازم ہے،بدترین مہنگائی، معاشی بربادی اور چوروں کے شکنجے سے نجات کیلئے عوام میدانِ عمل میں نکلنے کی تیاری کریں، ظالموں کو مزید مہلت نہیں دیں گے، جلد تاریخی لانگ مارچ کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کروں گا ۔ ادھر پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ ہم سات دنوں کے اندر لانگ مارچ کی حتمی کال دیں گے اور اس کی تفصیلات 7،8اکتوبر تک مل جائیں گی،لانگ مارچ کا وقت آ گیا ہے، اگر پاکستان کے لوگ اب بھی باہر نہیں نکلے تو ہم برما یا تھائی لینڈ کے ماڈل پر چلے جائیں گے،پی ٹی آ ئی نے میٹنگ میں یہ بھی فیصلہ کیا ہے

کہ اب اسمبلیوں میں واپس جانے کا کوئی فائدہ نہیں ہے لہٰذا یہ تجویز مسترد کر دی گئی ہے۔سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی کے رہنماء علی زیدی نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہاہے کہ اہل پاکستان! ان چوروں نے آپ کا ماضی اور حال برباد کر دیا، اب ان کے بچے آپ کے بچوں کا مستقبل لوٹنا چاہتے ہیں، اس کرپٹ اشرافیہ کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا وقت آگیا ہے، جب عمران خان کال دے گا تو تیار رہنا اور ہمت نہ ہارنا، بے شک اللہ ان کی مدد کرتا ہے جو اپنی مدد آپ کرتے ہیں، علی زیدی نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کپتان ہم آپ کی کال کیلئے تیار ہیں، اب فیصلہ عوام ہی کریں گے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے اسد قیصر نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم سمیت حکمرانوں کی عمران خان کی کال سے ٹانگیں کانپ رہی ہیں،پریس کانفرنس کے فوری بعد عمران خان کی گرفتاری کے وارنٹ جاری ہوئے،عمران خان کو گرفتار کرنے کی غلطی مت کرنا !! سازش کے تحت حکومت میں آنے والوں کے جانے دن آچکے ہیں ،پاکستان کے عوام پر اگر یہ چور ٹوالہ مسلط رہا تو سری لنکا سے بھی برے حالات ہوجائیں گے،اسحاق ڈار نے منی لانڈرنگ کرنے کا اقرار کیا،ہماری تحریک منطقی انجام کی طرف بڑھ رہی ہے،ہماری فائنل کال کے سامنے یہ چور نہیں رک سکیں گے،عمران خان اس ملک نہیں بلکہ امت مسلمہ کے مقبول ترین لیڈر بن چکے ہیں، اس وقت حکمران پوری دنیا میں ہمارے لیے جگ ہنسائی کا باعث بن رہے۔

FOLLOW US