Sunday January 19, 2025

’جولائی میں کورونا کی چوتھی لہرآنے کا خدشہ ہے‘ حکومت نے خبردار کردیا

اسلام آباد : وفاقی حکومت نے خبردار کیا ہے کہ جولائی میں کورونا کی چوتھی لہرآنے کا خدشہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و سربراہ این سی اوسی اسد عمر نے کہا ہے کہ جولائی میں ملک میں عالمی وباء کورونا وائرس کی چوتھی لہر آنے کا خدشہ ہے۔ سماجی رابطون کی ویب سائٹ توئٹر پر جاری کیے گئے اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ کورونا کی چوتھی لہر کے خدشے کے پیش نظر ضروری ہے کہ عوام ناصرف کورونا وباء سے بچاؤ کے ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ جلد ویکسی نیشن بھی کرائیں۔ علاوہ ازیں بلوچستان حکومت کی جانب سے شادی ہالز میں بھی بغیر ویکسی نیشن مہمانوں پر پابندی عائد کردی گئی ، پابندی کے تحت شادی ہالز میں بھی عالمی وباء کورونا وائرس سے بچاؤ کی حفاظتی ویکسین لگوائے بغیر آنے والے مہمانوں پر پابندی ہوگی جب کہ ویکسی نیشن نہ کرانے والوں پر سرکاری دفاتر میں داخلے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے ،

پابندی کی وجہ سے اب ویکسی نیشن نہ کرانے والے تفریحی مقامات میں بھی داخل نہیں ہو سکیں گے جب کہ ویکسی نیشن نہ کرانے والوں کے بینک ، شاپنگ مالز اور پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر پر بھی پابندی ہوگی اس کے علاوہ شاپنگ مالز میں کسی بھی داخلے کے وقت اور خریداری کے لیے آنے پر دکانداروں کو بھی ویکسی نیشن کارڈ چیک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دوسری طرف سندھ حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہ اور پروموشن کورونا ویکسی نیشن سے مشروط کردی گئی ، وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کہتے ہیں کہ سرکاری ملازمین کو تنخواہ اور پروموشن کورونا ویکسین کے بعد ملے گی، جو شہری ویکسین نہیں لگوائے گا اس کی موبائل سم بندکردی جائےگی ، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ویکسین لگوانے کے حوالے سے آگاہی مہم کے پروگرام بنا رہے ہیں، سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف قانون سازی کررہے ہیں ، بغیر ویکسین کے سرٹیفکیٹ اجرا کے خلاف سخت ایکشن ہوگا۔ وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت نے تمام ملازمین کو ویکسین لگوانے کا پابند کردیا ہے ، کیوں کہ کورونا وباء سے بچنے کے لیے ویکسین اہم ترین ہتھیار ہے ، اسی بناء پر سندھ حکومت کی کوشش ہے ویکسین ہر شہری کو لگے، جس کے لیے وفاق اور صوبائی حکومت ویکسین کے لیے سہولت فراہم کررہی ہے۔

FOLLOW US