Tuesday May 21, 2024

آزاد کشمیر انتخابات ، سردار تنویر الیاس کی ہیٹرک ، مسلم کانفرس اور پیپلز پارٹی کی اہم وکٹیں گرادیں

اسلام آباد: آزاد کشمیر میں جیسے جیسے انتخابات کے دن قریب آ رہے ہیں ،سیاسی گہما گہم میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے،پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے رہنما اور ایل اے 15باغ سے نامزد امیدوار سردار تنویر الیاس خان اپنے چچا اور پی ٹی آئی کے رہنماسردار صغیر چغتائی کے اچانک انتقال کے13 روزہ وقفے کے بعدایک بار پھر متحرک ہو گئے ہیں اور مختلف سیاسی جماعتوں کے اہم رہنماؤں کا تحریک انصاف میں شامل ہونے کا سلسلہ دوبارہ سے شروع ہو گیا ہے،آج مسلم کانفرنس اور پیپلز پارٹی جموں کشمیر کے اہم رہنماؤں نے سردار تنویر الیاس سے ملاقات کے بعد تحریک انصاف میں باضابطہ طور پر شامل ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔

تفصیلات کےمطابق دوہفتےقبل 11 جون کو ممبر قانون ساز اسمبلی آزادکشمیر اور تحریک انصاف کے نامزد امیدوار سردار صغیر چغتائی کی گاڑی کو آزاد پتن کے مقام پر حادثہ پیش آیا تھا اور ان کی گاڑی دریائے پونچھ میں جا گری تھی ،اس خبر نے پورے آزاد کشمیر کو سوگ میں مبتلا کردیا تھا ،سردار صغیر چغتائی انتہائی ملنسار اور ریاستی سیاست میں اہم مقام رکھنےکےساتھ سردارتنویرالیاس خان کےسگے چچاتھے،اس حادثےکےبعدسردارتنویرالیاس خان نے اپنی تمام سیاسی سرگرمیاں معطل کردیں تھیں،حادثے کے نو روز اور امدادی اداروں کی سرتوڑ کوششوں کے بعد سردار صغیر چغتائی اور ان کے ڈرائیور کی میتیں منگلا ڈیم قلعہ رام کوٹ کے قریب سے ملی تھیں ،سردار صغیر چغتائی کی نماز جنازہ 21 جون کو صابر شہید سٹیڈیم میں ادا کی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔ سردارتنویرالیاس خان نےسردار صغیر چغتائی کی تدفین کےبعدایک بارپھراپنی سیاسی سرگرمیاں شروع کر دیں ہیں، آج ان سے سابق صدر جموں کشمیر پیپلز پارٹی یو کے ڈاکٹر شوکت علی خان نے ملاقات کے بعد پیپلز پارٹی کےساتھ طویل رفاقت ختم کرکے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی، اس موقع پر امیدوار اسمبلی چوہدری انور الحق، رہنما تحریک انصاف آزاد کشمیر سردار افتخار رشید اور سردار امتیاز شاہین بھی موجودتھے۔دوسری طرف سابق ایڈیشنل جنرل سیکرٹری مسلم کانفرنس سٹی فیضان عارف مغل ایڈووکیٹ اور مرکزی رہنماؤں عبدالرزاق مغل اور طلعت فیاض مغل نے سردار تنویر الیاس خان سے ملاقات کے بعد اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت باقاعدہ طور پر پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہونے کا اعلان کردیا ہے۔

سردار تنویر الیاس خان کا کہنا تھا کہ مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کا وزیراعظم عمران خان کے ویژن اور پارٹی منشور پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تحریک انصاف میں شامل ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ آنے والا دور پی ٹی آئی کا ہے،آزاد کشمیر انتخابات میں تحریک انصاف اکثریتی جماعت کے طور پر سامنے آئے گی اور ہم اللہ کے فضل و کرم سے کشمیری عوام سے کئے گئے ایک ایک وعدے کو مکمل کریں گے اور اس خطہ زمین کو دنیا کا بہترین مقام بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی،ن لیگ اور مسلم کانفرنس کے اہم رہنماؤں کو تحریک انصاف میں شامل ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں ،پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے تمام دوستوں اور ساتھیوں کی مشاورت سے ہم آزاد کشمیر کو ترقی کی منازل پر لے جائیں گے ۔سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کی سیاست میں سردار صغیر چغتائی شہید کا نام ہمیشہ عزت و احترام سے لیا جائے گا ،سردار صغیر چغتائی ایک متحرک اور فعال سیاسی رہنما تھے،انکی سیاسی و سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،ان کے سانحہ ارتحال سے ہمارے خاندان کو بہت بڑا دھچکا لگا ہے،ان کا خلاء کبھی پر نہیں ہو سکے گا ،اس عظیم نقصان پر دنیا بھر سے ہمارے خاندان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے اور ہمیں حوصلہ دینے والے تمام افراد کے ہم مشکور ہیں ،سردار صغیر چغتائی شہید کے ویژن کے مطابق کشمیری عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رہے گا ۔

FOLLOW US