Sunday January 19, 2025

وزیراعظم عمران خان نے رشوت لینے پراے آئی جی حیدرآباد کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے رشوت لینے پراے آئی جی حیدرآباد کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا ، سول سرونٹس رولزکے تحت اے آئی جی ڈاکٹرجمیل کے خلاف کارروائی کی جائے، وزیراعظم کی جانب سے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل حیدرآباد ڈاکٹر جمیل احمد کے خلاف کارروائی کیلئے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو خط لکھ دیا گیا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی طرف سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ اے آئی جی ڈاکٹرجمیل نے مبینہ طور پر اختیارات کا ناجائزاستعمال کرکے لاکھوں روپے رشوت لی ، اے آئی جی کے پاس 15 اضلاع کا چارج ہے ، جہاں وہ ہر ضلع سے 15 سے 20 لاکھ ماہانہ وصول کرتے ہیں جب کہ ڈاکٹر جمیل نے سرکٹ ہاؤس حیدر آباد کے 3 کمروں پر غیر قانونی قبضہ کیا ہوا ہے ،

اس کے علاوہ ایڈیشنل آئی جی کے 2 بیٹے والد کی سرکاری پوزیشن کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ دوسری طرف کراچی کے انتہائی ریڈزون علاقے میں پولیس اہلکار کی موٹر سائیکل سوار سے رشوت طلب کرنے کی خفیہ ویڈیو سامنے آ گئی ، جہاں کراچی کے انتہائی ریڈ زون آواری ٹاور کے قریب پولیس اہلکار نے موٹر سائیکل نوجوانوں سے رشوت طلب کی اس دوران ایک نوجوان نے پولیس اہلکار کی خفیہ ویڈیو بنالی۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس اہلکار نے شہری سے پہلے دو ہزار روپے طلب کیے پھر کہنے لگا کہ پانچ سو روپے سے ایک روپیہ بھی کم نہیں ہوگا ، نوجوان نے پولیس اہلکار سے کہا کہ سر میری گاڑی یہیں کھڑی ہے پیپر لے آتا ہوں؟ جس پر اہلکار نے کہا کہ ہاں تمہارے لیے ہم ادھر کھڑے رہیں گے نا، افسر آجائے گا پھر میرے ہاتھ سے بات نکل جائے گی اور موٹرسائیکل تھانے لے جائیں گے ، ویڈیو بنانے والے نوجوان سید مزمل اور بالاچ خان نے بتایا کہ پولیس اہلکار نے پہلے روک کر دو ہزار روپے طلب کیے نہ دینے پر موٹر سائیکل تحویل میں لینے کی دھمکی دی۔

FOLLOW US