Sunday January 19, 2025

مفتی طارق مسعود نے طالب علم سے زیادتی کرنے والے مفتی عزیز کو دوگنی سزا دینے کا مطالبہ کر دیا

لاہور : مفتی طارق مسعود نے طالب علم سے زیادتی کرنے والے مفتی عزیز کو دوگنی سزا دینے کا مطالبہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطاب معروف عالم دین مفتی طارق مسعودنے لاہور کے مدرسے کے مفتی عزیز کی جانب سے طالب علم کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے واقعے پر ردعمل دیا ہے۔ مفتی طارق مسعود کی رائے میں ایسے گھناونے جرم میں اگر کوئی مذہبی شخصیت ملوث ہو تو اس کو دوگنی اور زیادہ سخت سزا دی جانی چاہیئے۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے مفتی طارق مسعود کا کہنا تھا کہ اگر کسی یونیورسٹی میں کوئی ریپ ہوجائے تب بھی جرم ہے لیکن اگر کسی مدرسے کا معلم ایسا جرم انجام دے تو اس کی سزا دوگنی ہونی چاہیے، کیوں کہ اس شخص پر مذہب کا لیبل لگا ہوتا ہے۔

مجھے اس تمام معاملے کی تفصیلات معلوم نہیں تھیں اسی لیے پہلے کوئی بیان جاری نہیں کیا، اس جرم کا دفاع کرنا غلط رویہ ہے، جس نے جرم کیا ہے اس کو سزا ملنی چاہیے تاہم چند لوگوں کی وجہ سے تمام علماء کرام پر تنقید مناسب نہیں۔ مفتی طارق مسعود کے مطابق ایسے قبیح عمل کو کسی خاص طبقے سے نتھی نہیں کرنا چاہیے، اسلام میں گناہوں پر پردہ ڈالنے کا حکم ہے مگر وہ صرف ان جرائم پر ہے جس سے معاشرے کو کوئی خطرہ نہ ہو،تاہم جو ویڈیو سامنے آئی ہے یہ متعدی جرائم ہیں اگر وقت پر نہ روکا گیا تو کل دوسرا بھی کرے گا اس لیے یہ زیادہ لائق سرزنش ہے۔ اگر کوئی عالم ملزم کی طرفداری کررہا ہے تو یہ غلط ہے۔ واضح رہے کہ جمیعت علمائے اسلام سے تعلق رکھنے والے مفتی عزیز نے لاہور کے ایک مدرسے میں زیر تعلیم طالب علم کو بلیک میل کر کے غیر اخلاقی حرکات کرنے میں ملوث رہے، جس کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کیا اور پھر فرار ہونے والے مفتی کو گزشتہ روز میانوالی سے گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے ابتدائی تفتیش میں اعتراف جرم کر لیا ہے۔

FOLLOW US