Monday November 25, 2024

وزیراعظم عمران خان نے جب سے کھوتا بریانی پر پابندی عائد کی ہے تب سے گدھے محفوظ ہیں عامر لیاقت حسین کا طنز

لاہور : پاکستان میں گدھوں کی آبادی میں اضافے پر عامر لیاقت حسین کا طنز۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے پاکستان میں گدھوں کی آبادی میں اضافے ہونے کے حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک طنزیہ ٹوئٹ کی۔ تحریک انصاف کے رکن اسمبلی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے جب سے کھوتا بریانی پر پابندی عائد کی ہے تب سے گدھے محفوظ ہیں، چین کے بعد پاکستان گدھوں کو ذبح کر کےکھانے والے ممالک میں اب شامل نہیں، اس سے پہلے ن لیگ نے گدھوں کی بریانی کھلا کھلا کر گدھوں کا جینا حرام کردیا تھا۔

واضح رہے کہ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اقتصادی سروے میں بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران پاکستان میں مویشیوں کی تعداد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، خاص کر گدھوں کی تعداد میں کافی اضافہ ہوا۔ اقتصادی سروے رپورٹ کی تفصیلات کے مطابق سال 2019،20 کے مقابلے میں سال 2020،21 میں بھینسیں، بھیڑ، بکریاں، اونٹ، گھوڑے اور گدھوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا۔
سال 2020،21 میں مویشیوں کی تعداد میں سال 2019،20 کی نسبت 20 لاکھ کا اضافہ دیکھا گیا ۔اکنامک سروے کے مطابق ملک میں گدھوں کی تعداد میں ایک سال کے دوران 1 لاکھ کا اضافہ دیکھا گیا ، یوں گدھوں کی تعداد 55 لاکھ سے بڑھ کر 56 لاکھ ہو گئی۔ رپورٹ کے مطابق 2006 سے ہر سال ایک لاکھ گدھوں کا اضافہ ریکارڈ کیا جارہا تاہم 2001 سے خچروں کی تعداد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا ، 2001 سے ابتک 2 لاکھ خچر پاکستان میں موجود ہیں ۔ جبکہ ڈیری صنعت کیلئے سب سے اہم بھینسوں کی تعداد 4 کروڑ 10 لاکھ سے بڑھ کر 4 کروڑ 24 لاکھ ہو گئی۔ اکنامک سروے رپورٹ کی تفصیلات کے مطابق ملک میں بکریوں کی تعداد 7 کروڑ 80 لاکھ سے بڑھ کر 8 کروڑ سے زائد ہو گئی، ملک میں بھیڑوں کی تعداد 3 کروڑ 12 لاکھ سے بڑھ کر 3 کروڑ 16 لاکھ ہو گئی۔ رپورٹ کے مطابق ملک میں گھوڑوں کی تعداد میں سال 2020،21 کے دوران کوئی اضافہ نہ ہوا۔

FOLLOW US