Wednesday November 27, 2024

راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے میں 16 ہاؤسنگ سوسائٹیز کو نوازنے کے ثبوت مل گئے

اسلام آباد : راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل کی انکوائری میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے، رنگ روڈ منصوبے میں 16 ہاؤسنگ سوسائٹیز کو نوازنے کے ثبوت مل گئے، بااثر افراد کے کہنے پرڈیزائن میں تبدیلی کی گئی، جس کا مقصد نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز کو فائدہ پہنچانا تھا،ڈیزائن میں تبدیلی سے قومی خزانے کو 25 ارب روپے کا نقصان ہوا۔ تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن تحقیقاتی ٹیم نے راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل انکوائری میں اہم معلومات حاصل کی ہیں، انکوائری سے معلوم ہوا کہ 16 ہاؤسنگ سوسائٹیز کو نوازنے کی کوشش کی گئی۔ راولپنڈی رنگ روڈ کے ڈیزائن میں تبدیلی کرکےقومی خزانے کو 25 ارب روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔ جس کا مقصد بااثر افراد کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز کو فائدہ پہنچانا تھا۔

سابق کمشنرکیپٹن (ر) محمد محمود کی مخالفت کے باوجود سابق لینڈ ایکوزیشن کمشنر (ایل اے سی) وسیم تابش نے لینڈ ایکوائر کرنے کی مد میں 16 ہاؤسنگ سوسائیٹیز کو سرکاری خزانے سے 22 کروڑ 85 لاکھ 92 ہزار217 روپے ادا کیے اور ان سے480 کنال زمین ایکوائر کی۔ سب سے زیادہ زمین ’’سستی بستی سوسائٹی‘‘ سے 160 کنال 5 کروڑ 52 لاکھ روپے میں خریدی گئی۔ بااثرہاؤسنگ سوسائٹیز کی زمین30 لاکھ روپے فی کنال کے حساب سے ایکوائر کی گئی۔ جبکہ سابق ایل اے سی نے خود قانون میں ترمیم کی اورادائیگیاں کیں۔ تحقیقاتی کمیٹی نے پی ایم یو اور آر ڈی اے سے بھی تصدیق کی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔دوسری جانب راولپنڈی جی ٹی روڈ کو موٹروے سے ملانے کیلئے نیا منصوبہ بائی پاس بنانے کی تیاری شروع کردی گئی، ضلعی انتظامیہ نے راولپنڈی جی ٹی روڈ کو موٹروے سے ملانے کیلئے نیا منصوبہ بنانے کی تجویز دے دی ہے، تجویز دی گئی ہے کہ رنگ روڈ کی بجائے اب راولپنڈی بائی پاس منصوبہ بنایا جائے۔ نئے مجوزہ منصوبے پر تیس ارب لاگت آئے گی۔ منصوبے کی تکمیل کیلئے 7 ارب روپے لینڈ ایکوزیشن کیلئے رکھے جائیں گے۔راولپنڈی جی ٹی روڈکو روات سے موٹروے تک تیس کلومیٹر کا بائی پاس تعمیر کیاجائے گا۔بتایا گیا ہے کہ مجوزہ منصوبے کا پہلا ڈرافٹ پنجاب حکومت کو ارسال کردیا گیا ہے، ڈرافٹ میں تجویز دی گئی ہے کہ منصوبے کی الائنمنٹ میں زرعی زرخیز زمین ،رہائشی اور کمرشل زمینوں کو بچانے کی کوشش کی جائے گی۔جبکہ موٹروے بائی پاس کو بنجر اور ویران زمین سے گزارا جائے ۔پنجاب حکومت کی منظوری کے بعد منصوبے کی تعمیر شروع کرنے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

FOLLOW US