Sunday January 19, 2025

ماضی میں ماحولیات کو بچانے پر توجہ نہیں دی گئی، دیکھتے دیکھتے جنگلات تباہ کر دیے گئے، وزیر اعظم

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کی میزبانی میں علامی یوم ماھولیات کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بد قسمتی سے ماضی میں ماحولیات کو بچانے پر توجہ نہیں دی گئی ، پاکستان میں دیکھتے دیکھتے جنگلات تباہ ہو گئے ، زمینوں پر قبضہ ہو گیا کسی کو کوئی فکر نہیں ، چھانگا مانگ ، کندیاں اور چیچہ وطنی کا بڑا جنگل تھا ، خیبرپختونخوا میں ٹمبر مافیا اس قدر طاقتور تھے کہ ان کے خلاف جنگ میں ہمارے 10 فارسٹ گارڈز شہید ہو گئے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے خیبرپختونخوا میں ایک ارب درخت لگائے ، ماحولیات کی بہتری کیلئے دنیا پاکستان کی کاوشوں کو تسلیم کر رہی ہے ، ہم سے پہلے ملکی تاریخ میں مجموعی طور پر 64 کروڑ درخت لگائے گئے تھے ، ہم اب ایک ارب درخت لگانے کے بعد 9 ارب درخت مزید لگانے کی جانب جا رہے ہیں ، آج پاکستان کی آنے والی نسلوں کی بہتری کیلئے کارکردگی کو سراہا جا رہا ہے ۔

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارا 80 فیصد پانی دریاؤں میں جا رہا ہے ، گلوبل وارمنگ کی وجہ سے گلیشئر متاثر ہو رہے ہیں ،پانی کا مسئلہ حل نہ کیا تو آنے والے وقت میں مزید مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اگر ہم 10 ارب درخت لگانے میں کامیاب ہو گئے تو اس منصوبے سے ہمارا فضائی آلودگی، معاشی ، وائلڈ لائف، برڈ لائف اور پانی کے مسئلے سمیت بہت سے مسائل خود بخود حل ہو جائیں گے لیکن یہ سارا کام حکومت اکیلے نہیں کر سکتے ، اتنا بڑا ٹارگٹ قوم حاصل کر سکتی ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ چین میں عوام بوڑھے ہوگئے وہاں نوجوان آبادی کم ہے ، پاکستان میں نوجوان آبدی دنیا کی دوسری بڑی آبادی ہے ، مغربی ممالک میں سکولوں میں بچوں کو سکھایا جاتا ہے کہ وہ اپنے بزرگوں پر زور ڈالیں کہ وہ آنے والی نسلوں کیلئے ماحولیات کا خیال رکھیں ،پاکستان میں مینگروز کے پودے لگائے جا رہے ہیں ، مینگروز کاربن کو کم کرتے ہیں ، دنیا میں مینگروز کم ہو رہے ہیں لیکن پاکستان میں مینگروز بڑھ رہے ہیں ۔

FOLLOW US