Sunday May 19, 2024

میڈیا اور سوشل میڈیا نے ملالہ کے انٹرویو کو سیاق وسباق سے ہٹ کر شیئر کیا ملالہ یوسفزئی کے شادی سے متعلق بیان پر والد کا ردِعمل

پشاور : کم عمر ترین نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے انٹرویو کے دوران بیان دیا کہ کسی کو اپنی زندگی میں رکھنے کیلئے شادی کے کاغذات پر دستخط کرنے کی کیا ضرورت ہے ، مجھے ابھی تک سمجھ نہیں آرہی ہے کہ لوگوں کو شادی کیوں کرنی ہے، اگر آپ اپنی زندگی میں کسی کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں تو نکاح نامے پر دستخط کرنے کی کیا ضرورت ہے؟ صرف پارٹنر بن کر کیوں نہیں رہ سکتے؟۔ ملالہ کے اس بیان پر جہاں سوشل میڈیا پر شدید ردِعمل دیکھنے میں آیا وہیں مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے بھی ملالہ کے والد سے وضاحت طلب کی لی۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ کل سے سوشل میڈیا پرایک خبر زیر گردش ہے

کہ آپ کی بیٹی ملالہ یوسفزئی نے رشتہ ازدواج کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے شادی کرنے سے بہتر ہے کہ پارٹنر شپ کی جائے نہ کہ نکاح ۔ اس بیان سے ہم سب شدید اضطراب میں مبتلا ہیں۔انہوں نے کہا کہ آپ وضاحت فرمائیں۔ ۔مفتی پوپلزئی کے ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے ملالہ یوسفزئی کے والد نے کہا کہ ان کی بیٹی کے انٹرویو کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ضیاء الدین یوسفزئی نے کہا کہ محترم مفتی پو پلزئی صاحب ایسی کوئی بات نہیں۔ میڈیا اور سوشل میڈیا نے ان کی انٹرویو کی اقتباس کو سیاق و سباق سے نکال کر تبدیل کرکے اپنی تاویلات کے ساتھ شئیر کیا ہے۔ اور بس۔ ۔خیال رہے کہ نوبیل انعام یافتہ سماجی کارکن 23 سالہ ملالہ یوسف زئی آئندہ ماہ جولائی میں معروف فیشن میگزین ’ووگ‘ کے سرورق کی زینت بنیں گی لیکن ان کی تصاویر میگزین نے ابھی سے جاری کردیں۔ملالہ یوسف زئی نے فیشن میگزین کو انٹرویو بھی دیا ہے، جس کے اقتباسات ووگ نے شائع کردیے جب کہ تفصیلی انٹرویو آئندہ ماہ کے شمارے میں دیا جائے گا۔ نوبیل انعام یافتہ کو فیشن میگزین کی سرورق کی زینت بننے پر جہاں بعض افراد تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں، وہیں کئی لوگ ان کی تعریفیں بھی کرتے دکھائی دیے کہ ملالہ یوسف زئی پاکستانی ثقافت کو مدنظر رکھتے ہوئے دوپٹے کے ساتھ فوٹو شوٹ میں دکھائی دیں۔ملالہ یوسف زئی نے اپنے انسٹاگرام پر بھی ’ووگ‘ کے لیے کھچوائی گئی 3 تصاویر شیئر کیں، جن میں انہیں دوپٹے کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔

FOLLOW US