Sunday May 19, 2024

حکومت نے وادی سوات میں 22 ہزار مربع فٹ پر محیط سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک بنانے کا اعلان کر دیا

سوات : پاکستان کے سوئٹزر لینڈ سوات کو ڈیجیٹل دنیا سے منسلک کرنے کیلئے بڑا اقدام، حکومت نے وادی سوات میں 22 ہزار مربع فٹ پر محیط سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک بنانے کا اعلان کر دیا- تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے ڈیجیٹل پاکستان ویڑن اور سیاحتی مقامات پرسیاحوں اور مقامی افراد کو سہولیات دینے کے عزم کی تکمیل کیلئے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکشن نے دنیا کے حسین ترین خطوں میں شامل پاکستان کے سوئٹزرلینڈ وادی سوات کیلئے 2 اہم ترین منصوبے شروع کردیئے۔ پہلے منصوبے کے تحت سوات کے دور دراز علاقوں میں بسنے والے افراد کیلئے 78 کروڑ روپے سے زائدلاگت سے یونیورسل سروس فنڈ ہائی اسپیڈ براڈ بینڈ سروسز فراہم کریگا

جبکہ پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے تحت مینگورہ میں 22 ہزار مربع فٹ پر جدید سہولیات سے آراستہ سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک قائم کیا جائیگااس سلسلے میں جمعرات کو منعقدہ اہم تقریب میں وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکشن سید امین الحق اور وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید شریک ہوئے اس موقع پر سیکریٹری آئی ٹی ڈاکٹر سہیل راجپوت، ممبر ٹیلی کام محمد عمر ملک، ممبر آئی ٹی سید جنید امام، یونیورسل سروس فنڈ کے چیف ایگزیکٹیو حارث محمود چوہدری، مینجنگ ڈآئریکٹر پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ عثمان ناصر سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکشن سید امین الحق نے کہا کہ تاریخی تہذیب و تمدن رکھنے کے ساتھ ضلع سوات وجہ شہرت اس کی حسین ترین وادیاں، دریا، پہاڑ ہیں جو اسے سیاحوں کی جنت بناتے ہیں،ہماری خواہش تھی کہ اس خوبصورت علاقے کو ڈیجیٹل ورلڈ سے منسلک کرنے کیلئے ٹیکنالوجی سے متعلق تمام سہولیات سے بھی آراستہ کریں۔ اس خواب کی تعبیر آج ہورہی ہے جب ہم سوات کے انتہائی دشوار گزار اور دور دراز کے علاقوں کو بھی ڈیجیٹل ورلڈ سے منسلک کرتے ہوئے 78 کروڑ روپے کی لاگت سے ہائی اسپیڈ براڈ بینڈ سروسز فراہم کرنے جارہے ہیں۔انھوں نے بتایا کہ وادی سوات کی مجموعی آبادی، 25 لاکھ 22 ہزار،534 افراد پر مشتمل ہے جس میں سے اس پراجیکٹ کے تحت 65 ہزار 695 افراد کو ہائی اسپیڈ براڈ بینڈ سروسز فراہم ہوں گی۔
سید امین الحق کا کہنا تھا کہ اہم بات یہ ہے کہ سوات کے مجموعی رقبہ 5 ہزار 337 کلومیٹر میں سے ایک ہزار 501 مربع کلومیٹر کے وسیع علاقے میں قائم 50 گاؤں کے مکینوں کو سہولیات کی فراہمی ایک چیلنج تھا کیونکہ پہاڑوں اور دشوار گزار راستوں پر کہیں 100 لوگ بستے ہیں کہیں ہزار یا 500 سو، اس لیئے اس پراجیکٹ کے تحت ایک وسیع لیکن کٹھن علاقے کو ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ کی فراہمی وزارت آئی ٹی کے ادارے یونیورسل سروس فنڈ کا اہم کارنامہ ہے۔

وفاقی وزیر آئی ٹی وٹیلی کمیونیکشن نے کہا کہ دوسرے منصوبے کے تحت سوات کے علاقے مینگورہ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک قائم کیا جارہا ہے وزارت آئی ٹی کے ادارے پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ اور Vertexsoft کے اشتراک سے 22 ہزار مربع فٹ پر مشتمل اس سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک قیام سے سوات اور مالاکنڈ ڈویژن کے ہزاروں ہنرمند نوجوان خاص طور پر چھوٹے اور متوسط انٹرپرائزز کو ایک چھت تلے تمام سہولیات کے ساتھ دنیا بھر سے رابطوں اور آئی ٹی مصنوعات سے متعلق اپنے کام کا موقع ملے گا۔

FOLLOW US