Sunday April 28, 2024

گلگت بلتستان جانے والوں کیلئے ویکسی نیشن اور پی سی آر ٹیسٹ لازمی قرار

اسلام آباد : پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے گلگت بلتستان جانے والوں کیلئے ویکسی نیشن اور پی سی آر ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا، شمالی علاقہ جات کی سیاحت کیلئے جانے والوں کو ہوائی سفر سے پہلے کورونا ٹیسٹ کرانا ہوگا، کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کی شرط اطلاق آج سے ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے شمالی علاقہ جات کے مسافروں کیلئے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کردی ہے۔ جس کے تحت شمالی علاقہ جات اور گلگت بلتستان جانے والوں کیلئے ویکسی نیشن اور پی سی آر ٹیسٹ کی شرط لازمی قرار دی گئی ہے۔ شمالی علاقہ جات کی سیاحت کیلئے جانے والوں کو ہوائی سفر سے پہلے کورونا ٹیسٹ کرانا ہوگا۔ 30 سال سے زائد عمر کے مسافروں کو 72 گھنٹے پہلے پی سی آر ٹیسٹ کروانا لازمی ہوگا۔ گلگت بلتستان کے مقامی افراد اور سرکاری افسران ٹیسٹ کی شرائط سے مستثنیٰ ہوں گے۔

کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کی شرط آج یکم جون سے لاگو کردی گئی ہے 50 سال سے زائد عمر کے مسافروں کیلئے کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کی شرط پہلے ہی لاگو ہے۔ دوسری جانب این سی اوسی کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 3.71 فیصد رہی۔ پنجاب میں 2 فیصد سے کم اور لاہور میں 1.6 فیصد ریکارڈ کی گئی، بلوچستان میں 5 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح پاکستان میں تیار کردہ کورونا ویکسین’’پاک ویک‘‘ متعارف کروا دی گئی ہے، پاکستان نے”پاک ویک“ ویکسین کی ایک لاکھ 18ہزار خوراکوں کی پہلی کھیپ تیار کرلی ہے، ویکسین کیلئے خام مال اور تیکنکی صلاحیت چین نے فراہم کی ہے،چینی ویکسین کین سائنو کو پاکستان میں پاک ویک کے نام سے متعارف کروایا گیا۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں پاک ویک ویکسین کو 18 سال سے زائد عمر کے افراد کو لگانے کیلئے متعارف کروائی گئی ہے۔ اسی طرح ابتدائی طور پر پاک ویک کی30 لاکھ ڈوز تیار کی جائیں گی۔ مینوفیکچرنگ، پیکنگ اور میٹریل قومی ادارہ صحت میں تیارکیا گیا۔

FOLLOW US