Friday May 3, 2024

حلفاََ کہتا ہوں جہانگیر ترین کو کلین چٹ مل گئی ہے جہانگیر ترین کو شہزاد اکبر کے سامنے بیرسٹر علی ظفر نے کلین چٹ دی

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما راجہ ریاض کا کہنا ہے کہ حلفاََ کہتا ہوں جہانگیر ترین کو کلین چٹ مل گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق جہانگیر ترین گروپ کے پارلیمانی لیڈر راجہ ریاض کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین کو شہزاد اکبر کے سامنے بیرسٹر علی ظفر نے کلین چٹ دی ہے۔نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اپنے دعوے کو دہرایا اور کہا اسلام آباد میں جہانگیر ترین ،علی ظفر اور شہزاد اکبر کی ملاقات ہوئی جس میں جہانگیر ترین کو کلیئر قرار دیا گیا۔ راجہ ریاض نے کہا یہ بات جہانگیر ترین نے انہیں بتائی اور اسلام آباد سے لاہور واپسی کے دوران تفصیل سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی جائے گی اور جہانگیر ترین الزامات سے سرخرو ہوں گے۔

میں نے حلفاََ یہ بات کی ہے اور میں اپنے دعوے پر قائم ہوں، آئندہ دنوں میں سچ سامنے آجائے گا اور میرا دعوی سچ ٹھہرے گا۔گذشتہ روز بھی پاکستان تحریکِ انصاف کے جہانگیر ترین گروپ کے رہنما راجہ ریاض نے دعوی کیا تھا کہ علی ظفر کی رپورٹ میں ہمیں کلین چٹ دے دی گئی ہے،نیوٹرل امپائر دینے پر ہم وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہیں ، پارٹی میں سازشی عناصر کو علی ظفر کی رپورٹ کے بعد شرمندگی ہوگی، انہیں استعفیٰ دینا چاہیئے۔ بدھ کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ ریاض نے دعوی کیا کہ علی ظفر نے رپورٹ وزیر اعظم کے حوالے کر دی ہے جس کے مطابق جہانگیر ترین کو کلین چٹ دیتے ہوئے ان پر لگے تمام الزامات بے بنیاد قرار دے دیئے گئے ہیں، ہم سرخرو ہو گئے، ہمارے گروپ کا موقف کامیاب ہو گیا ہے اور وزیرِاعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ہمارے گروپ کے معاملات کے لیے ایک افسر تعینات کیا ہے۔ جو چیز غلط ہوگی اس کا ہم حکومت کو احساس دلاتے رہیں گے، ہم کہیں نہیں جا رہے، پاکستان تحریکِ انصاف میں ہی رہیں گے، وزیرِ اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ہمیں نیوٹرل امپائر دیا۔ان کا مزید کہنا ہے کہ کل ہمارے گروپ کی جو میٹنگ ہوئی وہ اسی خوشی میں ہوئی تھی، عمران خان ہمارے لیڈر اور وزیرِ اعظم ہیں۔رپورٹ سازشی عناصر کے منہ پر طمانچہ ہے ، انہیں استعفیٰ دینا چاہیئے۔

FOLLOW US