Tuesday January 21, 2025

کراچی، دائی نے گھر میں ڈیلوری کرا کر نومولود 3 لاکھ روپے میں فروخت کردیا

کراچی(نیوز ڈیسک)کراچی کے علاقے گلشن اقبال کی ایک دائی نے اپنے گھر پر ڈیلوری کرا کر نومولود بچہ غائب کرکے تین لاکھ روپے میں فروخت کر دیا، اینٹی وائلنٹ کرائم سیل نے بچہ بازیاب کرا کے ماں بیٹی کو گرفتار کر لیا ہے۔ اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کے ایس پی عبداللّٰہ احمد کے مطابق گلشن اقبال کی ضیاء کالونی کی رہائشی خاتون پروین رحمت پیشہ ور دائی ہے جس نے رواں سال 26 مارچ کو حنا نامی خاتون کی اپنے گھر پر ڈیلوری کرائی۔ پولیس کے مطابق خاتون حنا نے بچہ جنم دیا مگر دائی نے بچے کے ڈیلوری سے قبل ہی مرجانے کا بہانہ کیا، اس دوران بچہ اپنی بیٹی کی مدد سے غائب کرا دیا۔پولیس کے مطابق دائی نے ماں سے کہا کہ اس نے بچے کی لاش رکھ دی ہے،

جب وہ ٹھیک ہو جائے گی تو بچے کی لاش اس کے حوالے کرے گی تاکہ وہ اپنے ہاتھ سے دفنا سکے۔ پولیس کے مطابق لاپتہ بچے کی ماں کا اپنے شوہر سے تنازعہ تھا تاہم بچے کے غائب ہونے کی اطلاع پر شوہر بھی خاتون کے ساتھ آ گیا، بچے کا باپ وقاص اقبال نے گلشن اقبال تھانے میں بچے کے غائب کرنے کا مقدمہ درج کرا دیا۔ عبداللّٰہ احمد کے مطابق معاملے کی تفتیش اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کو منتقل کی گئی، اے وی سی سی کی ٹیم نے باریک بینی سے معاملے کی تفتیش کی اور 58 دن بعد خفیہ اطلاع ملنے پر کارروائی کرکے بچہ ایک جوڑے کے گھر سے بازیاب کرا لیا۔ تفتیش کے دوران پتہ چلا کہ بچہ پیدا ہوتے ہی دائی پروین رحمت نے بیٹی کی مدد سے ایک بے اولاد جوڑے کو تین لاکھ روپے میں فروخت کر دیا تھا۔ اس مقدمے میں دائی پروین رحمت اور اس کی بیٹی انعم رحمت کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ایس پی اے وی سی سی عبداللّٰہ احمد کے مطابق بچہ ماں باپ کے حوالے کر دیا ہے جو کہ 58 دن بعد اپنے لخت جگر کو دیکھ کر خوش ہوگئے ہیں۔

FOLLOW US