Tuesday January 21, 2025

حلف اٹھاتے ہی چوہدری نثار کس لیگی رہنما کے گھر پہنچے؟ سیاسی میدان سے بڑی خبر آگئی

لاہور: پنجاب اسمبلی کا آج ہی حلف اٹھانے والے چوہدری نثار علی خان کے اعزاز میں مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما ایاز صادق نے ظہرانہ دیا ہے۔ نجی ٹی وی ہم نیوز نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ چوہدری نثار پنجاب اسمبلی میں حلف اٹھانے کے بعد ایاز صادق کی رہائش گاہ پہنچے جہاں ان کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا اور مشاورت بھی کی گئی۔ ایاز صادق کی رہائش گاہ پر دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات ایک گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہی۔ یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب گزشتہ روز ہی سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اعلان کیا تھا کہ چوہدری نثار کیلئے ن لیگ میں کوئی جگہ نہیں۔

خیال رہے کہ 2018 کے عام انتخابات میں چوہدری نثار نے آزاد حیثیت میں جیپ کے نشان پر الیکشن لڑا اور پی پی 10 سے کامیابی حاصل کی تھی۔ وہ ڈھائی سال سے زائد عرصہ تک سیاست سے کنارہ کش رہے تاہم اب انہوں نے آج بطور رکن پنجاب اسمبلی حلف اٹھالیا ہے۔

FOLLOW US