Sunday January 19, 2025

شاہد خاقان عباسی نے پیپلز پارٹی کی پی ڈی ایم میں دوبارہ شمولیت پر مستعفی ہونے کی دھمکی دے دی

لاہور: اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جنرل سیکرٹری اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پیپلز پارٹی کو دوبارہ پی ڈی ایم میں شمولیت کی دعوت دینے پر مستعفی ہونے کی دھمکی دے دی ہے۔پی ڈی ایم میں پیپلزپارٹی کی شمولیت کو لے کر نیا پنڈورا بکس کھلنے کا امکان ہے۔پیپلز پارٹی کو پی ڈی ایم میں دوبارہ شمولیت کی دعوت دینے پر سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے اسلام آباد میں غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی دوبارہ اپوزیشن اتحاد کا حصہ بنی تو پی ڈی ایم نیا سیکرٹری جنرل ڈھونڈ لے۔انہوں نے کہا کہ اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا ،سینیٹ الیکشن کے معاملے پر تحفظات برقرار ہیں۔

دوسری جانب کچھ مبصرین کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے ساتھ پس منظر میں ہونے والی گفتگو سے پتہ چلتا ہے کہ یہ اتحاد زیادہ دیر تک نہیں چل سکے گا۔ یہ بھی خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس اجلاس میں پیپلز پارٹی ایک ”پنچنگ بیگ” بن جائے گی اور اس کو سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑے گا کیوں کہ اس نے پی ڈی ایم سے عملی طور پر علیحدگی اختیار کی، حکومت کے خلاف لانگ مارچ کرنے اور اسمبلیوں سے استعفی دینے سے گریزاں رہی تھی۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے کچھ رہنماؤں کا یہ کہنا ہے کہ ہم عشائیہ میں پیپلز پارٹی سے ملاقات کر رہے ہیں لیکن ہمارے زخم گہرے ہیں اور وہ اتنی جلدی نہیں بھر پائیں گے۔ شہباز شریف کی جانب سے دئے جانے والے عشائیے میں بلاول بھٹو زرداری تو شریک نہیں ہوں گے لیکن اُمید کی جا رہی ہے کہ وہ اپنی پارٹی کا ایک وفد تقریب میں بھیجیں گے۔ لیکن سیاسی مبصرین کے مطابق لاول بھٹو زرداری عشائیہ میں شریک نہیں ہوئے تو پی ڈی ایم اتحاد میں خلیج کو مزید تقویت ملے گی۔

FOLLOW US