Thursday January 23, 2025

پنجاب میں مزید 2 ہفتے کیلئے مکمل لاک ڈاؤن لگانے کا مطالبہ محکمہ صحت نے نئی سفارشات پیش کردیں

لاہور:لاک ڈاؤن میں نرمی پر این سی او سی اور محکمہ صحت پنجاب آمنے سامنے آگئے۔محکمہ صحت پنجاب نے ریسٹورنٹ میں آوٹ ڈور ڈائننگ 30 مئی تک بند رکھنے جبکہ جم آٹھ بجے تک کھولنے کی سفارش کر دی۔محکمہ صحت پنجاب نے ریسٹورنٹ کے باہر آؤٹ ڈور ڈائننگ کے لیے آٹھ فیصد سے زائد شرح والے شہروں پر 30 مئی تک پابندی کی سفارش کی ہے۔ این سی او سی نے 24 مئی سے ریسٹورنٹ کے لئے آؤٹ ڈور ڈائننگ کی اجازت دے رکھی ہے۔این سی او سی نے جم ابھی تک بند رکھنے کی سفارشات دے رکھی ہیں۔محکمہ صحت پنجاب نے مزید دو ہفتے کے لیے مکمل لاک ڈاؤن کی ممکنہ سفارشات بھی پیش کی۔آئندہ ہفتے کورونا کے کیسز کی شرح میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ کورونا کے کیسز بڑھنے پر دو ہفتے کے لیے مکمل لاک ڈاؤن لگانا ہوگا۔

سفارشات پنجاب کابینہ برائے انسداد کورونا کو پیش کر دی ہیں۔دوسری جانب عالمی وبا کورونا کے وار تاحال جاری ہیں۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 131 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 19 ہزار 987 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 8 لاکھ 90 ہزار 391 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 207 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 31 ہزار 102، سندھ میں 3 لاکھ 3 ہزار 323، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 28 ہزار 33، بلوچستان میں 24 ہزار 223، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 452، اسلام آباد میں 79 ہزار 789 جبکہ آزاد کشمیر میں 18 ہزار 469 کیسز رپورٹ ہوئے۔ کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 9 ہزار640افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 4 ہزار854، خیبرپختونخوا 3 ہزار855، اسلام آباد 740، گلگت بلتستان 107، بلوچستان میں 270 اور آزاد کشمیر میں 521 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ پاکستان میں کورونا کی ویکسینیشن جاری ہے اور 40 سال سے زیادہ عمر والے افراد کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔

FOLLOW US