Sunday January 19, 2025

ہمت ہے تو استعفیٰ دو اور الیکشن لڑ کر دوبارہ جیت کر دکھاو، وزیراعظم کے قریبی ساتھی کا ترین گروپ کو چیلنج

لاہور : ترین گروپ کے اراکین اسمبلی کو دوبارہ الیکشن جیتنے کا چیلنج۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ترین گروپ میں شامل اراکین اسمبلی کو بڑا چیلنج کیا ہے۔ عثمان ڈار نے کہا کہ گزشتہ روز ایم پی اے نذیر چوہان نے کافی سخت باتیں کیں، انہوں نے کہا کہ وہ تحریک انصاف کو 12 سال دے چکے، یعنی ان کی جدوجہد صرف اپنی ذات کیلئے تھی نہ کہ پاکستان کیلئے۔ عثمان ڈار نے کہا کہ مجھ سمیت تحریک انصاف کے تمام امیدواروں کو عمران خان کے نام پر ووٹ پڑا، اگر کسی کو غلط فہمی ہے تو استعفیٰ دے اور الیکشن لڑ کر جیت کر دکھائے۔ جبکہ تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل واوڈا کی جانب سے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین گروپ کے اراکین پر کھل کر تنقید کی گئی۔ حکمراں جماعت کے سینیٹر نے کہا کہ ترین گروپ کے لوگ صرف ایک ایس ایچ او کی مار ہیں۔

ابھی پولیس کی ایک موبائل ان لوگوں کی طرف بھیجی جائے تو ان کا لہجہ فوری ٹھیک ہو جائے گا، یہ لوگ عمران خان کو قائداعظم سے بھی بڑا لیڈر قرار دے دیں گے۔ لیکن یہ ایس ایچ او اور پولیس موبائل بھیجنے والے کام ن لیگ اور پیپلز پارٹی والے کرتے ہیں، ہم ایسا نہیں کریں گے، نہ کرنا چاہتے ہیں۔ فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ وہ ترین گروپ کو چیلنج کرتے ہیں کہ اگر یہ اتنے ہی تگڑے ہیں تو پنجاب حکومت گرا کر دکھائیں، جبکہ وہ یہ بھی چیلنج کر رہے ہیں کہ ترین گروپ کے لوگ چاہے جو مرضی باتیں کر لیں، یہ لوگ بجٹ سیشن میں 500 فیصد حکومت کی حمایت کریں گے۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی ریڑھ کی ہڈی سمجھے جانے والے جہانگیر ترین کی جانب سے پارٹی میں علیحدہ گروپ تشکیل دینے کی اطلاعات کے بعد پی ٹی آئی اراکین کی جانب سے وزیراعظم کو بھرپور حمایت کا یقین دلایا گیا ۔گزشتہ روز جہانگیر ترین گروپ کی اطلاع سامنے آنے کے بعد سے ہی سوشل میڈیا پر وزیراعظم کے حق میں اور جہانگیر ترین کیخلاف ہیش ٹیگز ٹرینڈ کرتے رہے اور عام کارکنان کے علاوہ پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے وزرا بھی تجدید عہد وفا کرنے میں پیش پیش دکھائی دیئے۔

FOLLOW US