Sunday January 19, 2025

جہانگیر ترین اور علی ترین کی عبوری ضمانت میں توسیع تمام ریکارڈموجود، جہانگیر ترین پوری منی ٹریل دینے کو تیار

لاہور : بینکنگ کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین اور علی ترین کی عبوری ضمانت میں 31 مئی تک توسیع کردی ہے۔سیشن کورٹ سے ضمانت میں توسیع کے بعد جہانگیر ترین اور ان کے بیٹے علی ترین بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے جہاں ان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل دیے۔وکیل نے کہا کہ پوری منی ٹریل دینے کو تیار ہیں۔ تمام ریکارڈ موجود ہے عید کی تعطیلات میں جتنا ممکن ہوا ریکارڈ اکٹھا کیا۔جس ٹرانزیکشن کا حکم دیں پوری تفصیل فراہم کریں گے۔جہانگیر ترین کے وکیل نے مزید کہا کہ جہانگیر ترین اور خاندان کا تمام منی ٹریل اور ریکارڈ موجود ہے ،ریکارڈ کی جانچ پڑتال کرکے بینک سے تصدیق کرا لیں۔۔

اس سے قبل جہانگیر ترین گروپ نے اپنے قیام کا باقاعدہ اعلان کر دیا، اس حوالے سے رکن پنجاب اسمبلی سلمان نعیم اور عون چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا گیا کہ ترین گروپ نے قومی اور پنجاب اسمبلی میں اپنے پارلیمانی لیڈر مقرر کر دیے ہیں۔ راجہ ریاض قومی اسمبلی جبکہ سعید اکبر نوانی پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر مقرر کیے گئے ہیں۔ بتایا گیا کہ تحریک انصاف کے سینئر اور مرکزی رہنماء جہانگیرترین کی کل پیشی ہے، اسی سلسلے میں انہوں نے منگل کے روز ہم خیال گروپ کو عشائیہ دیا ، عشائیے میں راجہ ریاض، نعمان لنگڑیال، اسلم بھروانہ، عون چودھری، امین چودھری اور نذیر چوہان بھی ترین ہاؤس عشائیے میں گئے۔ اجلاس میں تحریک انصاف کے نئے ارکان بھی شریک ہوئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ایم این اے راجا ریاض نے کہا کہ ایف آئی اے اور بیرسٹر علی ظفر کی رپورٹ کا انتظار کرنا چاہیے۔ جہانگیر ترین کی سربراہی میں سیاسی فیصلے بھی لینے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی معاملات ٹھیک ہونے کی بجائے خراب ہو رہے ہیں۔ نذیر چوہان نے کہا کہ آپ ہمارے لیڈر ہیں آپکی محبت و خلوص کی خاطر اکٹھے ہوتے ہیں۔ ہمیں جو ملنا تھا مل گیا اب آپ کو فیصلے لینے ہیں آپ قیادت کریں ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ ہماری کوشش ہوگی آخری وقت تک آپ کا مقدمہ لڑیں۔ ترین گروپ کا لیبل تو لگ گیا ہے اب ہمیں اس کو آگے چلانا چاہیے۔ جہانگیرترین نے کہا کہ اب آئندہ مل کر کوئی لائحہ عمل بنائیں گے۔

FOLLOW US