Wednesday November 27, 2024

کراچی میں تیز آندھی اور بارش، متعدد افراد جاں بحق، شہریوں کیلئے الرٹ جاری

کراچی : کراچی میں تیز آندھی اور بارش، متعدد افراد جاں بحق، شہریوں کیلئے الرٹ جاری، شہر قائد میں 3 روز کی قیامت خیز گرمی کے بعد ہونے والی بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا، مٹی کے طوفان کی وجہ سے پیش آئے حادثات میں کئی شہری اپنی جان گنوا بیٹھے۔ تفصیلات کے مطابق مسلسل 3 روز شدید گرمی کے بعد منگل کے روز کراچی شہر کو گرد آلود ہواؤں اور آندھی نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں شدید آندھی کے باعث دن کے وقت ہی اندھیرا چھایا رہا جس کے بعد کہیں بوندا باندی تو کہیں پر ہلکی بارش نے آندھی کے زور کو توڑا۔ تیز آندھی کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش وجہ سے شہر کا درجہ حرارت کافی حد تک کم ہو گیا، نتیجاتاً شہر کا موسم بھی خوشگوار ہوگیا۔

تاہم طوفانی آندھی کی وجہ سے شہر کے کئی علاقوں میں حادثات بھی پیش آئے، جس کی وجہ سے آخری اطلاعات تک 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔ موسم کی اس صورتحال میں شہریوں کیلئے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تیز بارش ہونے کی صورت میں شہری غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔ دوسری جانب کراچی کے موسم کی صورتحال کے حوالے سے محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں سمندری طوفان اور شہر میں گرمی کی شدت کے باعث تھنڈر سیلز بنے ہیں، شمال مشرق سے ہوائیں چل رہی ہیں اور شہر کے شمالی حصے میں بادل بن رہے ہیں۔ منگل کے روز موسم کی تبدیلی کے بعد کراچی میں گرمی کی شدت میں کل سے کمی آجائے گی۔

FOLLOW US