Sunday January 19, 2025

فیصل ایدھی کا بیٹے سمیت فلسطین جانے کا فیصلہ فلسطین جانے کیلئے ویزے کی درخواست دے دی

لاہور: فیصل ایدھی نے فلسطین جانے کا فیصلہ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سب سے بڑے فلاحی ادارے ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے فلسطین جانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔فلسطین جانے کے لیے ویزے کی درخواست بھی جمع کروا دی ہے۔فیصل ایدھی کا کہنا ہے کہ ایدھی فاؤنڈیشن کے تحت فلسطین میں امدادی کارروائیوں میں حصہ لینا چاہتے ہیں ،بیٹے سعد ایدھی سمیت 5 افراد فلسطین جا رہے ہیں۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں ایدھی فاؤنڈیشن کے نمائندوں کی فلسطینی سفیر سے ملاقات ہوئی ہے، فلسطینی سفیر کے مطابق فلسطین میں دواؤں کی زیادہ ضرورت ہے۔فیصل ایدھی مصر کے راستے فلسطین جائیں گے۔مصر کے ویزے کے لیے بھی درخواست دے رہے ہیں ،دوائیاں اور خوراک مصر سے ہی خریدیں گے۔ اس مقصد کے لیے انھوں نے ڈھائی سے تین کروڑ کا بجٹ رکھا ہے۔

فیصل ایدھی نے کہا ہے کہ حکومت سے سلسلے میں کوئی امداد نہیں چاہیے ،عوام کی مدد سے سب کر لیں گے۔مصر پہنچ کر پاکستانی سفارتخانے سے رابطے میں رہیں گے، فلسطین میں کتنے دن قیام ہو گا اس کا فیصلہ وہاں پہنچ کر اور صورتحال کے مطابق ہوگا۔خیال رہے کہ غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ بمباری اور فلسطینیوں کے قتل عام پراحتجاج کا سلسلہ دنیا بھر میں پھیل گیا۔ غزہ میں اسرائیلی بربریت کے خلاف لندن میں ہونے والے مظاہرے کے دوران ہزاروں افراد نے اسرائیلی سفارتخانیکی جانب بڑھنیکی کوشش کی۔ اس کے علاوہ امریکا، فرانس، جرمنی، اسپین، جنوبی افریقا، بیلجیئم، انقرہ، بغداد اور لبنان سمیت دنیا کے کئی شہروں میں اسرائیل مخالف ریلیاں نکالی گئیں۔واضح رہیکہ غزہ میں اسرائیل کی دہشتگردی کے نتیجے میں اب تک 200 سے زائد فلسطینی شہید اور 1200 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں جب کہ متعدد افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔

FOLLOW US