Sunday January 19, 2025

مسلمان ایک جسم کی مانند ہیں، کیا فلسطین اس جسم کا حصہ نہیں؟ فلسطینی صحافی نجی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے

لاہور: فلسطینی صحافی نجی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق فلسطینی صحافی پاکستان کے نجی ٹی وی چینل پر اسرائیل کی حالیہ بربریت اور فلسطینیوں کے بے بسی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔ فلسطینی صحافی جلال محمود نے کہا کہ مسلمان ایک جسم کی مانند ہیں، تو کیا فلسطین اس جسم کا حصہ نہیں؟ فلسطینی صحافی نے پاکستان سمیت تمام اسلامی ممالک سے اسرائیل کیخلاف سخت اقدامات اٹھانے کی اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی ایک بزدل قوم ہے، جب تک ان کیخلاف سخت اقدامات نہ اٹھائے گئے، یہ فسلطینیوں پر مظالم جاری رکھیں گے۔ فلسطینی صحافی کے مطابق بزدل اسرائیلی صرف 2 صورتوں میں جنگ روکیں گے، ایک یہ کہ انہیں کوئی سنجیدہ خطرہ محسوس ہو، دوسرا یہ کہ انہیں ان ہی زبان میں بات سمجھائی جائے، انہیں مسلمان ممالک کی جانب سے متحد ہو کر الٹی میٹم دیا جائے۔

https://youtu.be/vKb_ghV5mjw

دوسری جانب پاکستان کی قومی اسمبلی نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔ جبکہ پاکستان نے فلسطینیوں پر اسرائیلی کی بربریت رکوانے کیلئے کوششیں تیز کر دی ہیں۔ اسرائیل اور فلسطین کی موجودہ کشیدہ صورتحال پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا ہنگامی اجلاس بلایا جارہا ہے، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس بدھ یا جمعرات کو متوقع ہے۔
اجلاس میں شرکت کیلئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی آج رات امریکا روانہ ہوسکتے ہیں ۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔وزیرخارجہ براستہ ترکی امریکا جائیں گے۔ ترک ہم منصب اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ایک ساتھ ہی نیویارک پہنچیں گے۔یاد رہے آج اسلام آباد میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے فلسطین کے سفیر احمد جواد اے اے ربعیی نے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے دوران اسرائیلی افواج کے مسجد اقصی میں بے گناہ عبادت گزاروں پر تشدد کی شدید مذمت کی جبکہ اسرائیلی فوج کے غزہ اور مغربی کنارے پر شدید حملوں میں بے گناہوں کی شہادت پر افسوس اور تعزیت کی۔ انہوں نے اسرائیلی افواج کے بلاامتیاز جاری حملوں کی سخت مذمت کی جس کے نتیجے میں 39 بچوں اور22 خواتین سمیت 140 سے زائد فلسطینی شہید اور1000 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

پاکستان کی جانب سے جاری کوششوں سے متعلق سفیر ربعیی کو یقین دلاتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے انہیں اہم علاقائی شراکت دار ممالک کے وزرا خارجہ سے ہونے والے اپنے رابطوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ سفیر ربعیی نے فلسطین پر پختہ پالیسی اور غیرمتزلزل حمایت پر پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے فلسطینیوں کے تحفظ کے لئے عالمی برادری کے ساتھ مسلسل رابطوں کی پاکستان کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔ فلسطینی سفیر نے وزیر خارجہ کو فلسطین کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا جو پہلے سے کورونا اور حالیہ انسانی مصائب و تکالیف کی وجہ سے انتہائی سنگین اور خوفناک ہوچکی ہے۔ پاکستان میں تعینات فلسطینی سفیر احمد جواد امین ربعیی کی وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ مجھے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے ساتھ مل کر بہت خوشی ہوئی ،جس طرح پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے او آئی سی اور بین الاقوامی سطح پر فلسطینیوں کی حمایت کی ہے ہم ان کے بے حد شکر گزار ہیں ،اس بھرپور حمایت پر پاکستانی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرنے کیلئے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ میں بس یہی کہوں گا ،شکریہ پاکستان۔

FOLLOW US