Tuesday January 21, 2025

مفتی پوپلزئی نے کل عید الفطر منانے کا اعلان کر دیا

پشاور : مفتی پوپلزئی نے کل عید الفطر منانے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پشاور کی مسجد قاسم علی خان کے امیر مفتی پوپلزئی کی جانب سے عید الفطر منانے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
امیر مسجد قاسم علی خان کا کہنا ہے کہ ہمیں کل 179 شہادتیں موصول ہوئیں، 23 افراد نے چاند نظر آنے کی گواہی دی، لہذا کل 13 مئی بروز جمعرات کو عید ہو گی۔ دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ اس وقت چاند کی عمر پاکستان میں 13 گھنٹے 42 منٹ ہے لہذا چاند کا آج نظر آنا ممکن ہی نہیں جن حضرات نے عید سعودی عرب کے ساتھ منانی ہے یہ ان کی آپشن ہے لیکن جھوٹ بول کر ماہ مقدس کا اختتام کرنا کہاں کی عقلمندی ہو گی؟

سیدھا کہیں کہ ہمیں عید افغانستان یا سعودیہ کے مطابق منانی ہے۔ دوسری جانب چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کا کہنا ہے کہ پورے ملک میں ابھی تک کہیں بھی چاند کی شہادتیں موصول نہیں ہوئیں، کراچی، لاہور، اسلام آباد کہیں چاند نظر نہیں آیا، خیبرپختونخواہ اور بلوچستان میں بھی چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیرصدارت جاری ہے، اجلاس میں مرکزی رویت ہلال اور زونل کمیٹیو ں کے ارکان شریک ہوئے۔ اجلاس میں محکمہ موسمیات ، سپارکو اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔ اسی طرح ملک بھر میں زونل ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی ہورہے ہیں۔

FOLLOW US