Saturday April 27, 2024

ویکسین سینٹر صرف 2 دن بند ہوں گے ۔۔عید کے بعد لاہو ر میں کورونا ویکسی نیشن سینٹرز 24 گھنٹے فعال رکھنے کا فیصلہ

لاہور : پنجاب حکومت نے عید کے بعد لاہورمیں کورونا ویکسی نیشن سینٹرز 24 گھنٹے فعال رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ عید کےدنوں میں ویکسین سینٹرصرف 2 دن بند ہوں گے ، جب کہ عید کے بعد لاہور میں ویکسی نیشن سینٹر کو 24 گھنٹے فعال رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عید پرہیلتھ ڈیپارٹمنٹ نے چھٹی منسوخ کی ، اسی طرح پی ایچ اے اور صفائی کے ادارے بھی کام کررہے ہیں ، شجر کاری آکسیجن کا نیچرل سورس ہے ، یہی وجہ ہے کہ موجودہ دورحکومت میں اب تک 11 لاکھ سے زائد پودے لاہور میں لگائے گئے۔

دوسری طرف این سی او سی کے سربراہ اور وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ ہم لوگوں کی ویکسی نیشن کے لئے زیادہ عمر والوں سے کم عمر والوں کی طرف آ رہے ہیں ، اس کی وجہ عالمی سطح پر کورونا ویکسین کی محدود دستیابی اور ملک میں ویکسی نیشن کی صلاحیت ہے ، مسلسل کوششوں سے ویکسین کی سپلائی اور ویکسی نیشن کی صلاحیت مرحلہ وار بڑھائی جا رہی ہے ، ویکسی نیشن کے لئے ہماری توجہ کا مرکز معاشرے کا کمزور اور خطرے سے دوچار طبقہ ہے۔ اسد عمر نے کہا کہ کورونا سے اموات کا خطرہ عمر کے ساتھ ساتھ بڑھتا جاتا ہے ، پاکستان میں 40 سال سے کم عمر افراد کی کورونا سے موت کی شرح ایک فیصد سے کم ہے، اسی طرح 41 سے 50 سال کی عمر کے لوگوں کی کورونا سے موت کی شرح 1 اعشاریہ 8 فیصد ، 51 سے 60 سال کی عمر کے لوگوں کی کورونا سے موت کی شرح 3 اعشاریہ 8 فیصد اور 61 سے 70 سال کی عمر کے لوگوں کی کورونا سے موت کی شرح 7 اعشاریہ 2 فیصد ہے۔ وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ 61 سے 70 سال کی عمر کے لوگوں کی کورونا سے موت کی شرح 7 اعشاریہ 2 فیصد ، 71 سے 80 سال کی عمر کے لوگوں کی کورونا سے موت کی شرح 11 اعشاریہ 1 فیصد ہے ، 80 سال سے زائد عمر کے لوگوں کی کورونا سے موت کی شرح 15 فیصد سے زائد ہوجاتی ہے ، ملک میں 40 سال سے کم عمر کی آبادی 77 فیصد ہے جس کی کورونا سے شرح اموات 9 فیصد ہے ، 60 سال سے زائد عمر کی آبادی صرف 7 فیصد ہے جس میں کورونا سے شرح اموات 53 فیصد ہے۔

FOLLOW US