Friday May 17, 2024

مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فوج کے حملے کے بعد مولانا فضل الرحمان کی اسرائیل کو تسلیم کرنے والے اسلامی ممالک پر تنقید

اسلام آباد : مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فوج کا حملہ، مولانا فضل الرحمان کی اسرائیل کو تسلیم کرنے والے ممالک پر تنقید۔ تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے بیت المقدس پر اسرائیل کی جانب سے حملہ کے معاملے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے والے مسلم ممالک کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں،فلسطین پر اسرائیل کا ناجائز قبضہ مسلم اٴْمّہ کو قبول نہیں۔ اپنے بیان میں مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ ماہ مقدس میں عبادت میں مصروف قبلہ اوّل بیت المقدس میں فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ او آئی سی اور مسلم ممالک کے حکمرانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عالمی سطح پر اس ظلم و بربریت کے خلاف آواز بلند کرے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ اسرائیل ایک دہشت گرد ملک ہے اور اس کی دہشت گردی نے پورے عالم اسلام کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسرائیل کو تسلیم کرنے والے مسلم ممالک کی آنکھیں کھل جانی چاہئے،فلسطین پر اسرائیل کا ناجائز قبضہ مسلم اٴْمّہ کو قبول نہیں۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ کی زیرسر پرستی جاری یہ دہشت گردی اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکہ سب سے بڑا دہشت گرد ہے۔انہوں نے کہاکہ مسلم ممالک کے حکمران اگر حسب سابق غفلت کا مظاہرہ کرتے ہیں تو مسلم اٴْمّہ سے اپیل کرتاہوں کہ وہ پوری دنیا میں اسرائیل کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں۔
انہوں نے کہاکہ جمعیت علماء اسلام فلسطینی بھائیوں کے قدم بقدم اور شانہ بشانہ حمایت کا اعلان کرتی ہے۔ واضح رہے کہ مشرقی یروشلم شہر کے علاقے شیخ جراح میں گزشتہ تین روز سے جاری جھڑپوں میں کم ازکم تین سو فلسطینی زخمی ہوگئے جبکہ بعض اسرائیلی سکیورٹی فورسز کے بھی زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ اقوام متحدہ نے اسرائیل سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ جبکہ دوسری جانب اسرائیلی حکومت نے آج پیر کو یہودی گروپوں کو سالانہ یروشلم ڈے پریڈکی اجازت دے دی ہے، جس سے کشیدگی میں اضافے کے خدشات پیدا ہو گئے ۔

FOLLOW US