Sunday January 19, 2025

این اے 249 ضمنی انتخاب ، پی پی کے امیدوار کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری دوبارہ گنتی میں ن لیگ کو 909 ووٹوں سے شکست

کراچی : این اے 249 انتخابات، دوبارہ گنتی میں ن لیگ کو 909 ووٹوں سے شکست، الیکشن کیمشن نے پی پی کے قادرخان مندوخیل کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ن لیگ کو این اے 249ضمنی انتخابات میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، جبکہ پی پی امیدوار کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے مطابق قادر مندوخیل ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعد 909 ووٹوں سے کامیاب ہوگئے ہیں ۔ تمام 276 پولنگ اسٹیشنز کے ووٹوں کی گنتی مکمل ہوچکی۔پیپلز پارٹی کے قادر خان مندوخیل 15ہزار 656 ووٹ لے کامیاب ہوئے۔جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مفتاح اسماعیل 14 ہزار 747 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ہیں۔

گزشتہ روز این اے 249 ضمنی الیکشن کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی مکمل کرلی گئی تھی۔ پیپلز پارٹی کی این اے 249 پر کامیابی برقرار رہی تھی۔رہنما پیپلزپارٹی سعید غنی نے کہا تھا کہ این اے 249 ضمنی الیکشن کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں پیپلزپارٹی کامیاب ہوگئی ہے۔سعید غنی کا کہنا تھا کہ قادر خان مندوخیل 906 ووٹوں سے جیت گئے ہیں ۔واضح رہے کہ 29 اپریل کو ہونے والے ضمنی انتخاب میں پیپلزپارٹی کے امیدوار قادر مندوخیل کامیاب قرار پائے تھے۔ مفتاح اسماعیل نے 15 ہزار 473 ووٹ لئے تھے ، دونوں کے ووٹوں میں صرف 683 ووٹ کا فرق تھا ۔مسلم لیگ ن کے امیدوار مفتاح اسماعیل کی دوبارہ گنتی کے درخواست الیکشن کمیشن آف پاکستان نے منظور کی تھی۔لیکن کراچی کے حلقے این اے 249 پر دوبارہ گنتی بھی متنازع ہوگئی تھی ۔

FOLLOW US